ایلیٹ کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اپ ڈیٹ 27 اگست 2018
ایلیٹ کی جانب سے ڈٰل اسٹین کو مارے گئے یادگار چھکے کا منظر— فائل فوٹو: رائٹرز
ایلیٹ کی جانب سے ڈٰل اسٹین کو مارے گئے یادگار چھکے کا منظر— فائل فوٹو: رائٹرز

نیوزی لینڈ کو پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچانے والے آل راؤنڈر گرانٹ ایلیٹ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

انگلینڈ میں جاری وٹالٹی بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کرنے والے ایلیٹ نے منگل کی شام انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جوہانسبرگ سے کیریئر کا آغاز کیا اور برمنگھم میں اختتام۔ 12سال کی عمر میں اپنے کیریئر کے اہداف متعین کیے تھے کہ میں ورلڈ کپ، انٹرنیشنل کرکٹ اور کاؤنٹی کھیلوں گا اور 27سال بعد میں نے یہ سب حاصل کر لیا ہے۔

2016 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے 39سالہ ایلیٹ نے گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد کولپاک ڈیل پر دستخط کر دیے تھے۔

تاہم انہوں نے پاکستان سپر لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور سپر اسمیش سمیت دنیا بھر میں ٹی20 لیگ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ وہ گزشتہ سال پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کی ٹیم کے رکن بھی تھے۔

ایلیٹ نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز 20سال قبل جنوبی افریقہ سے کیا تھا تاہم 2001 میں وہ نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے اور 2008 میں نیوزی لینڈ کے لیے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔

2015 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کوجنوبی افریقہ کے خلاف آخری دو گیندوں پر 5 رنز درکار تھے تو گرانٹ ایلیٹ نے ڈیل اسٹین کو چھکا لگا کر نیوزی لینڈ کو پہلی مرتبہ عالمی کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز دلایا تھا جہاں فائنل میں آسٹریلیا نے انہیں شکست دی تھی۔

انہوں نے 5 ٹیسٹ، 83 ون ڈے اور 17 انٹرنیشنل ٹی20 میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں