کوہلی بھارت کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے

اپ ڈیٹ 27 اگست 2018
ویرات کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم اب تک 22 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کر چکی ہے— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی کی زیر قیادت بھارتی ٹیم اب تک 22 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کر چکی ہے— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی جس کے ساتھ ہی ویرات کوہلی اپنے ملک کے دوسرے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان بن گئے ہیں۔

بھارت کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کامیاب کپتان مہندرا سنگھ دھونی ہیں جنہوں نے 60 میچوں میں اپنے ملک کی قیادت کرتے ہوئے 27میچوں میں فتح حاصل کی جبکہ 18 میں انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

اس فہرست میں دوسرے نمبر پر سارو گنگولی موجود تھے جنہوں نے 49 میچوں میں قیادت کرتے ہوئے 21 مرتبہ بھارت کو فتح سے ہمکنار کرایا اور 13 میں انہیں شکست ہوئی تھی۔

تاہم انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے ساتھ ہی کوہلی اب بھارت کے دوسرے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان بن گئے ہیں۔

کوہلی نے اب تک 38میچوں میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 22 میں کامیابی نے ان کے قدم چومے اور 7 مرتبہ بھارتی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں 203 رنز سے کامیابی حاصل کی جو اس کی رنز کے اعتبار سے انگلینڈ کے خلاف تیسری بڑی فتح ہے۔

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح 1986 میں حاصل کی تھی جب اس نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو 279 رنز سے زیر کیا تھا جبکہ 2016 میں وشاکاپٹنم میں 246 رنز سے مات دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں