اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی، نجکاری اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) تشکیل دے دی۔

اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن میں تمام وزاتوں کو مطلع کیا گیا کہ 7رکنی کابینہ کمیٹی برائے توانائی تشکیل دے دی گئی ہے اور وزیر پیٹرولیم غلام سرور کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا

کمیٹی میں وزیر خزانہ اسد عمر ،وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید شامل ہیں۔

دیگراراکین میں مشیر تجارت و ٹیکسٹائل،صنعت و پیداوار و سرمایہ کاری بھی نامزد ہیں۔

سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے رکن ہوں گے۔

تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے 7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں وزیر خزانہ اسد عمر کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا۔

عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وزیر قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار کو کمیٹی کے اراکین مقرر کیا۔

مزید پڑھیں: اداریہ: وزیرِ اعظم خان کی کابینہ

علاوہ ازیں وزیر نجکاری یا مشیر کی تعیناتی پر ممبر مقرر کیا جائے گا۔

کمیٹی میں مشیر تجارت و ٹیکسٹائل،صنعت و پیداوار و سرمایہ کاری بھی شامل ہیں۔

مراسلے کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری کمیٹی کے ارکان بھی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا حصہ ہوں گے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے ممبر مقرر ہوئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے 9 رکنی کابینہ کمیٹی برائے سی پیک میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان : اسکول سے وزارتِ عظمیٰ تک کا سفر

مراسلے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر قانون و اںصاف ڈاکٹر فروغ نسیم، وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیر مملکت برائے داخلہ امور کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

سی پیک سے متعلق کمیٹی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور وزیر پیٹرولیم غلام سرور شامل ہیں۔

کمیٹی میں مشیر تجارت و ٹیکسٹائل و صنعتی پیداوارعبدالرزاق داؤد بھی حصہ ہیں۔

سیکرٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی برائے سی پیک کے ممبر مقرر ہوئے ہیں۔

اس ضمن میں کابینہ ڈویژن نے تینوں کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

riz Sep 04, 2018 02:35pm
itni kametiyan aur her main wazir member, yeh apni ministries ka kaam kab karain gy bhai?