متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی نے دلبرداشتہ ہوکر پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔

کراچی کی مقامی عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو چاہیے کہ وہ علی رضا عابدی کو منائے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پارٹی میں ایسے فیصلے کیے گئے ہیں جن میں ان کی شمولیت نہیں ہوئی لیکن پھر بھی دلبرداشتہ ہو کر انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ علی رضا عابدی نے دلبرداشتہ ہو کر پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تاہم پارٹی کو ہی چاہیے کہ وہ ان کے گھر جاکر انہیں منائے۔

مزید پڑھیں: سید علی رضا عابدی ایم کیو ایم کی بنیادی رکنیت سے مستعفی

ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ ’علی رضا عابدی اس سے قبل بھی ایک مرتبہ پارٹی کے رویے سے ناراض ہوگئے تھے اور میں ہی انہیں ان کے گھر جا کر منا کر لایا تھا۔‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے اس وقت ان کے خلاف کچھ کیسز نمودار ہوئے جن میں سے ایک مقدمہ تب بنایا گیا تھا جب وہ میئر کراچی تھے۔

اپنے اوپر موجود مقدمات کے حوالے سے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یہ مقدمات چلنے چاہئیں اور انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہیئں۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے نومنتخب صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو انتخاب میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: سید علی رضا عابدی کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ان کی حلیف جماعت ہے اور امید ہے کہ ڈاکٹر عارف علوی ریاست اور حکومت کے ربط کو بہتر رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے اور ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کے ایک ہی حلقے سے الیکشن لڑا تھا تاہم پی ٹی آئی رہنما جیت گئے اور انہیں ’ہروایا‘ گیا۔

یاد رہے کہ 2 ستمبر کو ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید علی رضا عابدی نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سید علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ ’میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں