ممنون حسین ایوان صدر سے رخصت، الوداعی گارڈ آف آنر

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2018
صدر مملکت ممنون حسین کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
صدر مملکت ممنون حسین کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا جارہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: صدرِ مملکت ممنون حسین کے عہدے کی مدت ختم ہونے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کردیا گیا، نو منتخب صدر عارف علوی کل (9 ستمبر کو) ایوانِ صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

2013 کے انتخابات میں کامیاب اور وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد نواز شریف نے ممنون حسین کو حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد کیا تھا۔

مزید پڑھیں: صدارتی انتخاب میں عارف علوی کامیاب ہوئے، حتمی نتیجہ

صدارتی انتخاب میں واضح اکثریت سے کامیابی کے بعد ممنون حسین نے 6 ستمبر 2013 کو صدارت کا منصب سنبھالا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق صدر ممنون حسین نے 8 ستمبر کو ایوانِ صدر میں اس کے عملے سے الوادعی ملاقات کی۔

اس دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں ہے۔

صدر ممنون حسین کی ایوانِ صدر کے عملے سے الوداعی ملاقات کے دوران گروپ فوٹو—بشکریہ ریڈیو پاکستان
صدر ممنون حسین کی ایوانِ صدر کے عملے سے الوداعی ملاقات کے دوران گروپ فوٹو—بشکریہ ریڈیو پاکستان

صدر ممنون حسین نے کہا کہ وہ صدارت کے منصب کو اس اطمینان کے ساتھ چھوڑ کر جارہے ہیں کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے دی گئی اس ذمہ داری کے دوران انہوں نے کوئی کام ادھورا نہیں چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورِ صدارت میں اپنی آئینی حدود اور طاقت میں رہتے ہوئے کام کرتے رہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے شاندار انداز میں ایوانِ صدر سے رخصتی میں تعاون پر عملے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ایوانِ صدر کے عملے کو خاص ہدایت کی کہ وہ پاکستان کے بہتر مستقبل اور معاشرے کی ترقی کے لیے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دیں۔

یاد رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عارف علوی کامیاب ہوئے، جو کل (9 ستمبر کو) اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں