’مینگ کھٹ‘ طوفان فلپائن کے بعد ہانگ کانگ اور چین سے ٹکراگیا

16 ستمبر 2018
مکاؤ میں طوفان کے بعد کی صورتحال —فوٹو : اے پی
مکاؤ میں طوفان کے بعد کی صورتحال —فوٹو : اے پی

مینگ کھٹ نامی سمندری طوفان فلپائن میں تباہی پھیلانے کے بعد ہانگ کانگ اور چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مینگ کھٹ طوفان اتوار کو ایک سو 62 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرایا تھا۔

اس حوالے سے چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر کا کہنا تھاکہ ’ چین کو طوفان کے نتیجے میں بدترین بارش اور تیز ہواہوں کا سامنا ہوگا‘۔ انہوں نے حکام کو بھی طوفان سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

خیال رہے کہ مینگ کھٹ نامی طوفان علی الصبح ہانگ کانگ کے ساحل سے ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں مشہور وکٹوریا ہاربر سمیت مچھیروں کے علاقے زیرِ آب آگئے تھے۔

مزید پڑھیں : امریکا اور فلپائن میں طوفان سے تباہی، متعدد افراد ہلاک

ہانگ کانگ میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوگئی تھی جبکہ کچھ مقامات پر درخت بھی گرگئے تھے ۔

چین اور ہانگ کانگ میں طوفان کی وارننگ جاری کردی گئی تھی جس کے بعد چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں تقریباً پانچ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

ہانگ کانگ میں عوام کو مشہور وکٹوریا ہاربر کا رخ نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں جبکہ مکاؤ میں تاریخ میں پہلی مرتبہ کسینو بھی بند کردیے گئے تھے۔

—فوٹو : اے پی
—فوٹو : اے پی

مکاؤ میں ہفتے کی شب 42 کسینو اور دیگر کاروباری مراکز کو اتوار کی صبح بند کردیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فلپائن میں طوفان مینگ کھٹ کے نتیجے میں ہونے والی شدید بارش اور آندھیوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ سے کئی گھر تباہ اور ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی جبکہ کئی افراد لاپتہ ہیں۔

رواں سال آنے والا سب سے طاقتور طوفان گزشتہ روز بدترین لینڈ سلائیڈنگ کے لیے مشہور جزیرہ لوزون کے شمال مشرق میں واقع صوبے کاگیان کے ساحلوں سے ٹکرایا تھا۔

اس طوفان کے نتیجے میں چین اور فلپائن نے چینی وزیر خارجہ وینگ وی کے دورہ فلپائن کو ملتوی کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا جن کا اتوار سے دورہ فلپائن شیڈول تھا۔

چین کے جنوبی صوبے میں طوفان کے بعد تیز بارشیں—فوٹو: اے پی
چین کے جنوبی صوبے میں طوفان کے بعد تیز بارشیں—فوٹو: اے پی

اب تک فلپائن کے متاثرہ علاقوں میں 150 فلائٹس کو منسوخ کیا جاچکا ہے جن میں سے ایک تہائی انٹرنیشنل فلائٹس تھیں جبکہ سمندر کے راستے سفر بھی بند ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا: شمالی کیرولینا میں خوفناک طوفان، سیکڑوں عمارتیں تباہ

یاد رہے کہ 2013 میں وسطی فلپائن میں آنے والے طوفان ہیان کے نتیجے میں کم از کم 7ہزار 300 افراد ہلاک جبکہ بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے نتیجے میں 50 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں