امریکا نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی مجوزہ ملاقات کا خیر مقدم کیا ہے۔

محکمہ خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان ہیدر نورٹ نے کہا کہ 'پاک ۔ بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی خبر پاکستانیوں اور بھارتیوں کے لیے بہت شاندار ہے اور اس سے دونوں ممالک کو مل کر بیٹھنے اور بات کرنے کا موقع ملے گا۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان مثبت پیغامات کے تبادلے سے آگاہ ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات کے لیے حالات سازگار رہیں گے۔'

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو جوابی خط لکھ کر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا باقاعدہ طور پر دوبارہ آغاز کرنے پر زور دیا تھا۔

اپنے خط میں عمران خان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی بھی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

بھارت نے وزیر اعظم کے خط کا مثبت جواب دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاک ۔ بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات پر بھارت رضامند

بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائڈ لائن میں باہمی طور پر طے کردہ تاریخ اور وقت پر ہوگی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ' یہ ملاقات پاکستان کے حوالے سے بھارتی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ نہیں اور نہ ہی اس کا مقصد مذاکرات کی بحالی ہے۔'

تبصرے (0) بند ہیں