ویرات کوہلی اہلیہ کی طرح اداکار بننے کو تیار؟

22 ستمبر 2018
ویرات کوہلی متعدد برانڈز کی تشہیر کرتے نظر آتے ہیں—فوٹو: گلمیر ایکٹ
ویرات کوہلی متعدد برانڈز کی تشہیر کرتے نظر آتے ہیں—فوٹو: گلمیر ایکٹ

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی یوں تو اپنی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ متعدد کمرشلز میں نظر آچکے ہیں۔

ساتھ ہی وہ اسپورٹس برانڈز، مشروب، گاڑیوں اور مرد حضرات کے دیگر استعمال کی چیزوں کے کمرشلز میں بھی ماڈلنگ کے جوہر دکھاتے آ رہے ہیں۔

ایک طرح سے ویرات کوہلی اسکرین اور ماڈلنگ ڈیبیو پہلے سے ہی کر چکے ہیں، تاہم اب خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اداکاری کی شروعات بھی کرنے جا رہے ہیں۔

ویرات کوہلی کی جانب سے اداکاری کی شروعات کی چہ مگوئیاں خود ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اپنی تصاویر کے بعد کی جا رہی ہیں۔

ویرات کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر 21 ستمبر کو اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک دہائی بعد ایک نیا ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں، جس کے لیے ان سے مزید انتظار برداشت نہیں ہو رہا۔

تصویر کے ساتھ انہوں نے مزید لکھا کہ ‘ٹریلر: دی مووی’ اور ساتھ ہی انہوں نے ایک ویب سائٹ کا لنک بھی دیا، جسے کھولنے کے بعد ٹریلر کے بجائے ٹریلر ریلیز ہونے کی تاریخ 28 ستمبر 2018 لکھی نظر آ رہی ہے۔

اس تصویر میں ویرات کوہلی کو کسی فلمی سپر ہیرو کی طرح اڑان بھرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

تصویر میں جہاں ویرات کوہلی کو بلیو ٹی شرٹ اور جینز میں دیکھا جاسکتا ہے، وہیں ان کے پس منظر میں کاروں کو تباہ ہوتے اور ان سے آگ کو بھڑکتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اگرچہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما سمیت ان سے تعلق رکھنے والے قریبی افراد نے اس تصویر اور معمے کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ویرات کوہلی کسی مختصر فلم میں ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ ویرات کوہلی کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کے حوالے سے کرکٹر سمیت ان کے قریبی ساتھیوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

تاہم ویرات کوہلی کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ یہ صدی کا سب سے بڑا ڈیبیو بن سکتا ہے۔

قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر ویرات کوہلی کسی برانڈ کی تشہر کے لیے بنائی جانے والی کسی مختصر فلم میں ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے۔

ساتھ ہی خیال کیا جا رہا ہے کہ ویرات کوہلی کی یہ مختصر فلم ممکنہ طور پر کسی بولی وڈ فلم کی تشہیر کا حصہ بھی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ایشیا کرکٹ کپ میں نہ کھیلنے اور ویرات کوہلی کی جانب سے فلم کا پوسٹر شیئر کیے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

ان کے مداح انہیں اس بات پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ جس شخص کو ملک کے لیے کرکٹ کھیلنے کا وقت نہیں، وہ فلموں میں کام کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے انہیں لالچی اور ملک سے کھیلنے کے وقت بھاگنے والے افراد میں سے ایک قرار دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں