لاہور: پنجاب اسمبلی میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو پیٹرول نہ دینے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرا دی گئی۔

صوبائی اسمبلی میں قرارداد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن منیب سلطان چیمہ نے جمع کرائی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومتی احکامات کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننا ضروری ہے، ان اقدامات سے حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانا چاہتی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش میں قانون موجود ہے کہ وہاں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو پیٹرول نہیں دیا جاتا، یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پیٹرول پمپ مالکان کو احکامات جاری کرے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو پیٹرول نہ دیں جبکہ جو پیٹرول پمپ مالکان اس کی خلاف ورزی کریں ان کو بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ لازمی قرار

کرپشن پر سزائے موت کیلئے قانون سازی کا مطالبہ

پنجاب اسمبلی میں کرپشن پر سزائے موت کے لیے قانون سازی کے مطالبے کی قرارداد بھی جمع کرادی گئی۔

قرارداد تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ندیم قریشی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی معیشت کی تباہی میں مرکزی کردار کرپشن کا ہے اور ملکی ترقی کے لیے کرپشن کو ختم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: چینی ساختہ ’انسدادِ کرپشن‘ مہم پاکستان کے لیے کیوں ضروری؟

قرارداد کے مطابق کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، لہٰذا کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے اس کی سزا موت رکھی جائے اور حکومت اس کے لیے جلد قانون سازی کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں