بیٹنگ و باؤلنگ میں اوپننگ کرنے والے کھلاڑی

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2018
—فائل/فوٹو:اے ایف پی
—فائل/فوٹو:اے ایف پی

ایشیا کپ 2018 کے فائنل میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مضبوط بھارتی دفاع کے لیے شدید مشکلات کھڑی کیں تاہم مہدی حسن میراز نے میچ میں پہلے بیٹنگ اور پھر باؤلنگ میں بھی اپنی ٹیم کی جانب سے اوپننگ کرکے منفرد اعزاز حاصل کیا جو کرکٹ کی تاریخ میں 171 واں واقعہ تھا۔

کرکٹ انفو کے اعداد وشمار کے مطابق بیٹنگ و باؤلنگ میں ایک ہی کھلاڑی کی جانب سے اوپننگ کرنا اب غیر معمولی نہیں رہا اور اب تک 45 کھلاڑی 171 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

کرکٹ کے اس منفرد ریکارڈ میں سرفہرست بھارت کے سابق فاسٹ باؤلر منوج پربھاکر ہیں جنہوں نے 45 مرتبہ اپنی ٹیم کی جانب سے بیٹنگ اور باؤلنگ میں اوپننگ کی۔

دوسرے نمبر پر زمبابوے کے سابق آل راؤنڈر نیل جانسن ہیں جنہوں نے 25 ایک روزہ میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان اس منفرد ریکارڈ میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیط نے اب تک 13 میچوں میں ٹیم کی نمائندگی بطور اسٹرائیک باؤلر اور اوپنر کے طور پر کی جبکہ سری لنکا کے سابق مایہ ناز کھلاڑی تلکارتنے دلشان بھی 13 میچوں کے ساتھ ان کے برابر ہیں۔

ٹیسٹ اسٹیٹس سے محروم نیدرلینڈز کے ڈیرن ریکرز نے بھی 12 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا۔

اس منفرد ریکارڈ میں ایک ایسے کھلاڑی کو انفرادیت حاصل ہے جس کی آفیشل ٹیم اس وقت دنیائے کرکٹ میں موجود نہیں اور وہ ٹیم ایسٹ افریقہ تھی جس نے 1975 میں کرکٹ کے اولین ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔

ایسٹ افریقہ نے 1975 کے ورلڈ کپ میں تین میچ کھیلے تھے اور ان تینوں میچوں میں فراست علی نے بیٹنگ اور باؤلنگ کے دونوں شعبوں میں اوپنر کی حیثیت سے کھیلا تھا۔

خیال رہے کہ ایسٹ افریقہ کرکٹ ٹیم کینیا، یوگینڈا، تنزانیہ اور زیمبیا جیسے ممالک پر مشتمل تھی جس نے 1975 میں ورلڈ کپ کے علاوہ 1979، 1982 اور 1986 کی آئی سی سی ٹرافی میں شرکت کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں