اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے فواد چوہدری نے بتایا کہ بجلی کے فی یونٹ ٹیرف میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) میں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر

واضح رہے کہ 24 ستمبرکو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے بجلی کے ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کا اعلان کیا تھا بعدازاں 26 ستمبر کو وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کے بلوں کی مکمل وصولی یقینی بنانے اور لائن لاسز میں کمی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ ملتوی کردیا تھا۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس میں اسٹیل ملز ملازمین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی الیکڑک (کے الیکڑک) کی فروخت میں لاحق مسائل دور کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں وزارت خزانہ، پاور ڈویژن، پٹرولیم، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور آڈیٹر جنرل کے حکام شامل ہوں گے۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ای سی سی کے اجلاس میں شوگر ملز مالکان کو 10 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے اجلاس میں تمباکو کے نظرثانی ریٹس کی منظوری دے دی ہے۔

مزید پڑھیں: گھریلو صارفین کیلئے گیس 200 فیصد مہنگی کرنے کی سفارش

وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکس دینے والے صرف 70 ہزار لوگ ہیں اور اس وقت پاکستان پر مجموعی طور پر 28 ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے.

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت پر الزام لگایا کہ حکومت نے تیل کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا۔

وزیر منصوبہ بندی نے دعویٰ کیا کہ سابق حکومت نے جعلی جی پی ڈی تیار کروائی اور قرضے لے کر من پسند منصوبے لگائے۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق حکومت عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے جعلی منصوبے دکھاتی رہی اور 583ارب روپے کا گردشی قرضہ ادا کرنے والے ایک کھرب 200 ارب ک اقرضہ چھوڑ گئے۔

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ سی پیک دوملکی منصوبہ ہے تاہم چند منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے سعودی عرب سے بات ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا گیس چوری کے خلاف جامع منصوبہ بنانے کا حکم

خسرو بختیار نے امید ظاہر کی کہ مسقبل میں جرمنی،جاپان یافرانس جیسے ملک بھی سرمایہ کاری کریں گے۔

رانا مشہود سے پٹواری پر بات کی جائے

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے رانا مشہود کو کچھ زیادہ ہی کوریج دے دی، ان کے کہنے سے کسی کو فرق نہیں پڑتا۔

واضح رہے کہ رانا مشہود نے دعویٰ کیا تھا کہ ’اگلے دو تین ماہ میں پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی‘۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر کڑی تنقید کی تھی اور کہا کہ ’لوگوں نے دیکھ لیا کہ حکومت کچھ نہیں کرسکتی‘۔

فواد چوہدری نے کہا کہ رانا مشہود کو کیا پتہ کہ مذاکرات کیا ہوئے ہیں، ان سے پٹواریوں کے معاملات پر بات کی جائے تو بہتر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں