اداکارہ نے اعتراف کیا کہ سلمان ان کے گہرے دوست رہے ہیں—فوٹو: شلپا شیٹھی انسٹاگرام
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ سلمان ان کے گہرے دوست رہے ہیں—فوٹو: شلپا شیٹھی انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ 43 سالہ شلپا شیٹھی نے کامیاب ازدواجی زندگی کے 9 سال بعد پہلی بار ماضی میں کی گئی اپنی محبتوں اور دبنگ ہیرو سلمان خان سے تعلقات پر خاموشی توڑ کے سب کو حیران کردیا۔

شلپا شیٹھی نے سلمان خان سے محبت سمیت کالج کے دور میں اپنی محبت کے حوالے سے ایک ایسے وقت میں بیان دیا ہے، جب کہ ان کا ریئلٹی ڈیٹنگ شو ‘ہیئر می، لو می’ ویب اسٹریمنگ چینل‘ایمازون’ پر شروع ہوچکا ہے۔

شلپا شیٹھی اس منفرد ڈیٹنگ چیٹ شو کی میزبانی کر رہی ہیں، اس شو میں کسی ایک لڑکی کو 2 لڑکوں کے ساتھ وقت گزارنے اور باتیں کرنے کا موقع دیے جانے کے بعد انہیں کسی ایک لڑکے کا انتخاب کرکے اس کے ساتھ رومانس کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔

یہ منفرد شو ویب اسٹریمنگ چینل ایمازون پر شروع ہوچکا ہے اور اس کے بھارت بھر میں چرچے ہیں۔

اسی شو میں نوجوانوں کو پیار کرنے کی ترغیب دیے جانے اور اپنی محبتوں کے حوالے سے شلپا شیٹھی نے نشریاتی ادارے ‘دکن کیرونیکل’ کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ جب وہ نوجوان تھیں تو اس طرح پیار نہیں ہوتا تھا۔

شلپا شیٹھی نے کہا کہ جب وہ کالج میں پڑھتی تھیں تو لڑکے اور لڑکیاں ایک دوسرے سے ملنے کے گھنٹوں تک انتظار کیا کرتے تھے اور بڑے پاپڑ بیلنے پڑتے تھے، تاہم اب ایسا نہیں۔

شلپا شیٹھی کے مطابق اب جدید دور میں لڑکے اور لڑکی کے درمیان فون کال پر ہی محبت ہوتی ہے اور وہ ایک دوسرے سے فون کال پر ہی باتیں کرتےہیں۔

ماضی کا ایک قصہ بیان کرتے ہوئے شلپا شیٹھی نے بتایا کہ جب وہ کالج پڑھتی تھیں، تب ان کے کلاس فیلوز لڑکوں نے ایک لڑکے سے شرط رکھی کہ وہ مجھ سے پیار کا ڈرامہ رچائے۔

اداکارہ کے مطابق اس لڑکے نے فلمی انداز میں ان سے محبت کا ڈرامہ رچایا اور بعد میں وہ ان سے الگ ہوگیا، کیوں کہ اسے صرف شرط جیتنی تھی۔

شلپا شیٹھی نے بتایا کہ اگرچہ انہیں اس لڑکے کے جانے سے تکلیف نہیں ہوئی، تاہم کچھ وقت کے لیے انہیں افسوس ہوا۔

شلپا شیٹھی نے اس سے بھی بڑا انکشاف کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ماضی وہ اور سلمان خان گہرے دوست رہے ہیں۔

اداکارہ نے سلمان خان اور اپنے تعلقات کو ‘محبت’ کا نام دیے بغیر بتایا کہ وہ صرف بہترین اور گہرے دوست تھے۔

شلپا شیٹھی کے مطابق جب ان دونوں کی دوستی تھی، تب سلمان خان کئی بار آدھی رات کو ان کے گھر آتے تھے اور ان سے بیٹھ کر باتیں کرتے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ بعض مرتبہ سلمان خان آدھی رات کو آتے تو اداکارہ کے والد نیند سے بیدار ہوتے اور پھر دبنگ ہیرو ان کے ساتھ ہی بیٹھ کر شراب نوشی اور باتیں کرتے۔

انہوں نے گزرے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کے والد چل بسے تو سلمان خان ان کے گھر آئے اور اس ٹیبل کو سیدھا کیا، جس پر وہ ان کے والد کے ساتھ شراب نوشی کرتے تھے۔

شلپا شیٹھی کے مطابق سلمان خان نے ٹیبل کو سیدھا کرنے کے بعد ان کے والد کی یاد میں رونا شروع کردیا۔

خیال رہے کہ 43 سالہ شلپا شیٹھی اور 52 سالہ سلمان خان نے ایک ساتھ کم سے کم 5 فلموں میں کام کیا ہے.

سلمان خان اور شلپا شیٹھی کی ایک ساتھ آخری فلم ‘شادی کرکے پھنس گئے یار’ 2006 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد 2009 میں شلپا شیٹھی نے کاروباری شخص راج کندرا سے شادی کرلی۔

سلمان خان اور شلپا شیٹھی نے 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اوزار، دس، گرو اور پھر ملیں گے’ میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں