اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئی جی پنجاب پولیس کے تبادلے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب پولیس طاہر خان کی تبدیلی کا نوٹس لے کر الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ سے تفصیلات طلب کر لیں۔

الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کا تبادلہ رکوانے کے لیے سیکریٹری اسٹیبشلمنٹ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے پابندی کے باوجود آئی جی پنجاب کا تبادلہ کرکے الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

ضمنی انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن کی اجازت سے تبادلہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاق نے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے آئی جی پولیس تبدیل کردیے

حکومت نے ایک ماہ میں دوسری بار پنجاب پولیس کے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) کو تبدیل کرتے ہوئے امجد جاوید سلیمی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کردیا تھا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق نیشل پولیس اکیڈمی میں بطور کمانڈنٹ فرائض سرانجام دینے والے گریڈ 22 کے پولیس افسر امجد جاوید سلیمی کو پنجاب پولیس کا نیا آئی جی تعینات کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ ہی محمد طاہر کو آئی پنجاب تعینات کیا گیا تھا جنہیں اب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں