اظہر علی مزاحیہ طریقے سے رن آؤٹ

18 اکتوبر 2018
ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی — فوٹو، فائل
ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی — فوٹو، فائل

کرکٹ کے کھیل میں آئے دن ریکارڈز تو بنتے ہی رہتے ہیں لیکن ساتھ ساتھ مضحکہ خیز واقعات بھی پیش آتے رہتے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں اسی طرح کا مزاحیہ واقعہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ابوظہبی میں جاری میچ کے دوران پیش آیا۔

اظہر علی نے پیٹر سڈل کی گیند پر تھرڈ مین باؤنڈری کی جانب اسٹروک لگایا اور گیند بالکل باؤنڈری کے نزدیک جاکر رک گئی۔

آسٹریلین فیلڈر نے گیند کو اٹھا کر کیپر کی جانب پھینکا اور اس دوران اظہر علی اپنا رنز مکمل نہیں کر سکے جبکہ وکٹ کے درمیان میں ہی ساتھی کھلاڑی اسد شفیق سے باتیں کرنے لگ گئے۔

مہمان ٹیم کے کپتان ٹم پین نے موقع کا بھرپور فائدہ ہوتے ہوئے اظہر علی کو رن آؤٹ کردیا جبکہ 50 ٹیسٹ سے زائد میچز کھیلنے والے تجربہ کار بیٹسمین نے واپس وکٹ میں پہنچنے کی بھی زحمت نہیں کی۔

یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ ساتھی کھلاڑی اسد شفیق نے بھی گیند کے باؤنڈری لائن پر لگنے یا نہ لگنے کو نظر انداز کردیا اور اظہر علی کے ساتھ وکٹ کے درمیان میں ہی باتوں میں لگ گئے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر اس اسد شفیق کیپر کی جانب کھڑے ہوکر اظہر علی سے باتیں کرتے تو وہ آؤٹ ہوسکتے تھے جبکہ اگر فیلڈر باؤلنگ کریز کی جانب تھرو کرتے تب بھی وکٹ اسد شفیق کی ہی جانی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں