ایران، یونان میں ایف آئی اے کے دفاتر قائم

شائع October 26, 2018
—فائل/فوٹو:اے پی پی
—فائل/فوٹو:اے پی پی

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منظم نیٹ ورک کی بڑھتی ہوئی مجرمانہ کارروائیوں اور پاکستانی مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ایران اور یونان میں ذیلی دفاتر قائم کر دیئے۔

ڈان کو ایف آئی اے کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ایران اور یونان میں ایک، ایک ذیلی دفتر قائم کردیا گیا ہے اور جلد ہی دو ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ان کے ماتحت ان ممالک میں اپنا کام شروع کریں گے۔

ایف آئی اے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ڈپٹی ڈائریکٹرز اور عملے کوپاکستانی مہاجرین کی قانونی اور غیرقانونی نقل وحرکت پر نظر رکھنے اور ان کے دیگر معاملات کا خیال رکھنے کے لیے جلد ہی ان ممالک میں تعینات کردیا جائے گا۔

ایف آئی اے کی ٹیم ذیلی دفاتر کے قیام کے لیے پہلے ہی ترکی، ایران اور یونان کا دورہ کرچکی ہے، ترکی میں ذیلی دفتر کے قیام کا منصوبہ مالی مشکلات کے باعث موخر کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے دفاتر کے قیام کا فیصلہ رواں سال 31 جنوری کو لیبیا کے سمندر میں اسمگلرز کی کشتی ڈوبنے کے بعد کیا گیا تھا جہاں جاں بحق ہونے والوں کی اکثریت پاکستانیوں کی تھی جبکہ کئی دیگر افراد بھی ڈوب گئے تھے۔

مزید پڑھیں: لیبیا:مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 11 پاکستانیوں سمیت 90 افراد جاں بحق

ایف آئی اے عہدیدار کا کہنا تھا کہ یونان اور ایران میں ذیلی دفاتر حراستی مراکز میں قید افراد بالخصوص پاکستانیوں کے معاملات کو دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمگلرز عام زمینی راستے کے لیے پاکستان سے ترکی اور پھر یونان کو منتخب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی کو بیرون ملک منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جہاں انسانی اسمگلرز فعال ہیں اور بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں اپنے ایجنٹوں سے رابطے میں ہوتے ہیں۔

ایف آئی اے عہدیدار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کشتیوں سے بیرون ملک خاص کر یورپ جانے سے روکنا ضروری ہے کیونکہ بعض اوقات ان کے سفر کا انجام افسوس ناک ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انسانی اسمگلنگ: بڑھتا ہوا غیر قانونی کاروبار

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانون کو غیرقانونی طور پر باہر جانے سے روکنے کے لیے ایک مہم شروع کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی غیرقانونی مہاجرین کو پکڑ کر حراستی مراکز میں رکھا جاتا ہے تو ان کی واپسی اور تمام ضروری دستاویزات کے لیے پاکستانی سفارت خانہ ان کے لیے انتظامات کرتا ہے۔

ایف آئی اے عہدیدار نے کہا کہ جیسے ہی فنڈز دستیاب ہوں گے ایف آئی اے اپنا ذیلی دفتر ترکی میں بھی قائم کردے گی اور یونان اور ایران میں بھی اسٹاف کو بھیج دیا جائے گا۔


یہ خبر 26 اکتوبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 25 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025