ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی 2018 کے فائنل میں بارش کی وجہ سے کھیل نہیں ہوسکا جس کے بعد روایتی حریف پاکستان بھارت کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق آج شب 10 بج کر 10 منٹ پر مسقط میں سلطان قبوس اسپورٹس کمپلیکس میں ہونا تھا تاہم تیز بارش کے باعث مقابلہ شروع نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک پاکستان اور بھارت دومرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

بھارت نے 2011 اور 2016 میں جبکہ پاکستان نے 2012 اور 2013 میں ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل جیتا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان اور ملائیشیا ک درمیان سیمی فائنل میں کانٹے دار مقابلے کے بعد میچ 4-4 سے برابر ہوگیا تھا۔

مزید پڑھیں : پاکستان لگاتار پانچویں مرتبہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں

جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پاکستان نے ملائیشیا کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے لگاتار پانچویں مرتبہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

دوسری جانب بھارت نے 2-3 سے جاپان کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ کا پہلا میچ 21 اکتوبر کو کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے میچ میں 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کو بھارت سے شکست

یاد رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں جنوبی کوریا کو 1-3 سے مات دی تھی۔

پاکستان نے ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے تین جیتے، ایک میں بھارت کے خلاف شکست ہوئی اور ایک میچ کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں