پاکستان لگاتار پانچویں مرتبہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2018
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت اور جاپان کے میچ کے فاتح سے ہو گا— فائل فوٹو
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت اور جاپان کے میچ کے فاتح سے ہو گا— فائل فوٹو

ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

مسقط میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا خصوصاً پاکستان نے ملائیشیا کے خلاف ابتدائی ہاف میں عمدہ کھیلک پیش کر کے 4 گول اسکور کیے لیکن اپنی برتری برقرار رکھنے میـں ناکام رہا۔

سلطان قبوس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے دوسرے منٹ میں گول اسکور کر کے برتری حاصل کی لیکن اس کے بعد پاکستان کے عمدہ کھیل نے حریف ٹیم کو حواس باختہ کردیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان جونیئر نے چھٹے منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کیا اور 12ویں منٹ میں پینالٹی کارنر اسپیشلسٹ علیم بلال نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلا۔

میچ کے پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل ابو محمود کے گول کی بدولت پاکستان نے 1-3 کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے دوسرے کوارٹر میں بھی پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کیا اور علیم بلال نے میچ کے 20ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول اسکور کردیا۔

پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ملائیشیا نے گول اسکور کر کے پاکستان کی برتری کو کم کردیا لیکن ہاف ٹائم پر پاکستان کو 1-4 کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں پاکستان کے دفاع کی غلطیوں اور حریف ٹیم کے تیز کھیل کے سبب قومی ٹیم بے بس نظر آئی اور ملائیشیا نے صرف ایک منٹ میں دو گول اسکور کر کے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کی۔

میچ کے 43ویں منٹ میں ٹینگو تاج الدین نے ری باؤنڈ پر گول کیا جبکہ ایک ہی منٹ کےاندر ایمن روزیمی نے گول داغ کر کے اسکور 3-4 کردیا۔

ملائیشیا کی جانب سے پہلا گول اسکور کرنے والے فیصل ساری نے میچ کے اختتام سے 4منٹ قبل پینالٹی پر گول اسکور کر کے مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا۔

مقابلہ برابر رہنے کے بعد شوٹ آؤٹ پر میچ کا فیصلہ ہوا جس پر پاکستان نے 1-3 سے کامیابی حاصل کرکے لگاتار پانچویں مرتبہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

دوسری جانب بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان کو 2-3 سے شکست دے دی، جس کے بعد پاکستان اور روایتی حریف بھارت کل فائنل میں مدِمقابل ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں