پاکستانی گلوکار، اداکار اور میزبان فخرعالم نے اپنا ’مشن پرواز‘ مکمل کرلیا، جس کے بعد وہ دنیا کا چکر مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تمام پاکستانیوں کو اس خوشخبری کا بتاتے ہوئے فخر عالم نے کہا کہ ’مشن پرواز مکمل ہوچکا ہے، میں نے 24 دنوں میں 22 ممالک کا سفر کیا اور ایک خواب مشن پرواز کو مکمل کیا، اس پر پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’10 اکتوبر کو امریکی ریاست فلوریڈا سے شروع ہونے والے مشن پرواز کو اسی مقام پر واپس آکر باضابطہ طور پر مکمل کرلیا ہے‘۔

مزید پڑھیں: فخر عالم کی ‘مشن پرواز’ کے تحت کراچی آمد

انہوں نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کا نام ہوابازی کی تاریخ میں لکھا جاچکا ہے‘۔

فخر عالم کی جانب سے مشن پرواز مکمل کرنے پر پاکستانیوں کی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی گئی جبکہ ان کے دوست اور قریبی ساتھیوں نے فلوریڈا پہنچ کر انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

واضح رہے کہ فخر عالم نے مشن پرواز کا آغاز 10 اکتوبر کو کیا تھا اور انہوں نے 22 ممالک میں اسٹاپ کیا۔

اس مشن کے دوران فخر عالم کو کچھ مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا اور ویزے کی میعاد ختم ہونے پر روس میں انہیں حراست میں بھی لیا گیا تھا۔

روس پر حراست میں لیے جانے پر انہوں نے اپنے دوست فیصل قریشی کے ذریعے ایک پیغام میں پاکستانی حکومت سے مدد کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر دفتر خارجہ نے نوٹس لیا تھا اور بعد ازاں روسی حکام سے رابطے کے بعد ان کے ویزے کی مدت بڑھا دی گئی تھی۔

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے فخر عالم کو مشن پرواز مکمل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ فخر عالم پاکستانی قوم کا فخر ہیں، مشکلات کی پرواہ کیے بغیر مشن پرواز مکمل کرکے انہوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

یاد رہے کہ گلوکار اور اداکار فخر عالم نے 3 سال قبل 2015 میں امریکا میں جہاز اڑانے کا لائسنس حاصل کیا تھا اور وہ ’مشن پرواز‘ کو مکمل کرکے دنیا کے گرد چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

riz Nov 04, 2018 12:59pm
wonderful, congrats Fakhr, Congrats team,