• KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm
  • KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm

’تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سے 10 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی‘

شائع December 7, 2018
پاکستان میں پائپ لائن بچھانے میں 2 سال کا عرصہ لگے گا —فائل فوٹو
پاکستان میں پائپ لائن بچھانے میں 2 سال کا عرصہ لگے گا —فائل فوٹو

اسلام آباد: 2019 کی پہلی سہہ ماہی میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت کے درمیان پائپ لائن کے منصوبے کی تعمیر کا آغاز کردیا جائے گا اور یہ منصوبہ ڈھائی برس میں مکمل ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ افغانستان اور پاکستان کی جانب سے پائپ لائن کی مکمل حفاظت کی ضمانت بھی دے دی گئی ہے۔

یہ بات مقررین نے ’امپلیمنٹیشن آف تاپی پائپ لائن‘ نامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا انعقاد انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی ) نے کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی اور اشرف غنی نے تاپی گیس منصوبے کا افتتاح کردیا

اس موقع پر چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو بورڈ آف تاپی پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ ترکمانستان، محمت میرات امانو نے بتایا کہ منصوبے کے سروے کے مطابق ایک ہزار 8 سو 14 کلومیٹر طویل یہ منصوبہ 33 بلین کیوبک میٹر گیس سالانہ فراہم کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پر کام آئندہ سال کی پہلے سہہ ماہی میں شروع کردیا جائے گا، پاکستان میں پائپ لائن بچھانے میں 2 سال کا عرصہ لگے گا جبکہ پاکستان سے بھارت تک پائپ لائن کی تنصیب کے لیے 6 سے 8 ماہ درکار ہوں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے سے 10 ہزار کے قریب ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے حاصل ہونے والی گیس کی قیمت واضح طور پر لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت سے کم ہوگی۔

مزید پڑھیں: تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کا آغاز ایک مرتبہ پھر تاخیر کا شکار

ان کا کہنا تھا کہ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک اور اسلامی کو آپریشن فار انشورنس اینڈ ایکسپورٹ کریڈٹ (آئی سی آئی ای سی) نے بالترتیب 50 کروڑ ڈالر اور 30 کروڑ ڈالر کی یقین دہانی کروائی ہے، جس سے خطے میں صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں محمت میرات امانو کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی کو افغانستان اور پاکستان میں کام کرنے کا تجربہ ہے اس لیے امید ہے کہ سیکیورٹی مسائل نہیں ہوگے تاہم افغانستان نے بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ منصوبے کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی نقطہ نظر سے میرا ماننا ہے کہ امریکا اور چین سمیت تمام ممالک اس منصوبے کی حمایت کرتے ہیں جبکہ روس، جاپانی اور امریکی مشینری اس منصوبے میں استعمال ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان میں عملی مرحلے میں داخل

اس موقع پر پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے 2 سوال کیے جس میں سے ایک گیس کی قیمت کے حوالے سے تھا جبکہ دوسرا یہ تھا کہ اگر کسی دھماکے یا حملے کی صورت میں پائپ لائن متاثر ہوئی تو اس کا نقصان کون برداشت کرے گا۔

جس کے جواب میں محمت میرات امانو کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت اس وقت بتانا میرے لیے ممکن نہیں جبکہ دوسرے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا اور افغانستان بھی پائپ لائن کے تحفظ کی یقین دہانی کروا چکا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

hashim Ali Dec 07, 2018 09:45am
what about Pakistan and Iran gas piplines? Pakistani politician will never complete one and thinking about another one its really strange

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024