وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کی پیشکش کردی۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے قبل ایک شخص سے آف دی ریکارڈ بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ 'گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ 4 ملاقاتیں ہوئیں اور انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں آجائیں۔'

فواد چوہدری سے متعلق سوال پر انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'مجھ میں اتنی ہمت نہیں لیکن میں دن رات کام کر رہا ہوں، لیکن فواد چوہدری لندن میں 8 روز سے پکنک منا رہے ہیں، میں نے ان سے کہا ہے کہ لندن سے واپس آجائیں۔'

وزیر اعظم کی جانب سے وزارتوں کی تبدیلی کا عندیہ دینے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ 'اگر وزارت واپس لی گئی تو میں کہوں گا لو یو، تھینک یو ویری مچ۔'

وزیر ریلوے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد فواد چوہدری نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل کے لیے ٹویٹر کا سہارا لیا اور ان کی 'دن رات کام کرنے کے بیان پر کہا کہ 'ہلچل بس ٹی وی چینلز میں ہی مچی ہوتی ہے۔'

فواد چوہدری نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ 'شیخ رشید کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کو تیار ہوں اور بطور رکن قومی اسمبلی ملک کی خدمت کرتا رہوں گا، لیکن یہ فیصلہ وزیراعظم کریں گے کہ اس وزارت کے لیے کون زیادہ موزوں ہے۔'

تاہم ان کا کہنا تھا کہ 'جب تک وزیر ہوں ایڈورٹائزنگ لابی کی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا۔'

بعد ازاں نجی نیوز چینل 'اے آر وائی' سے بات کے دوران شیخ رشید نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 'فواد چوہدری میرے چھوٹے بھائی ہیں، میرے وزیر اطلاعات بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اگر وزیر اعظم مجھے کہیں بھی تو احترام اپنی جگہ لیکن میں یہ وزارت نہیں لوں گا۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'میں فواد چوہدری کو بہترین وزیر اطلاعات سمجھتا ہوں اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں، دنیا ادھر کی اُدھر ہوسکتی ہے لیکن میں وزیر اطلاعات بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔'

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں