ایشا امبانی کی شادی: بیونسے کا رقص، ہلیری کلنٹن کی آمد اور اسٹارز کے جلوے

10 دسمبر 2018
ایشا امبانی نے رواں برس اٹلی میں منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
ایشا امبانی نے رواں برس اٹلی میں منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی یوں تو 12 دسمبر کو ہوگی، تاہم ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز 9 دسمبر سے ہوچکا۔

ان کی شادی سے متعلق یہ خبریں پہلے ہی آ چکی ہیں کہ شادی میں دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کے لیے 100 جیٹ طیاروں اور درجنوں جیگوار، مرسڈیز، پورشے اور بی ایم ڈبلیو جیسی لگژری گاڑیوں کو مہمانوں کو بک کیا جا چکا ہے۔

یہی نہیں بلکہ یہ خبریں بھی پہلے ہی آ چکی ہیں کہ مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی کے دعوت نامے کے ذریعے لوگوں کو سونے کی مالائیں بھی پیش کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی مہنگی ترین شادی کا چونکا دینے والا خرچہ

این ڈی ٹی وی کے مطابق ایشا امبانی کی شادی کی تقریبات 9 دسمبر کو شروع ہوئیں، جب کہ 10 دسمبر کو راجستھان کے شہر ادے پور کے پرتعیش اور تاریخی ہوٹل میں ہوئیں۔

ہلیری کلنٹن مکیش اور نیتا امبانی کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام
ہلیری کلنٹن مکیش اور نیتا امبانی کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام

شادی سے قبل ہونے والی سنگیت اور رقص کی تقریبات میں جہاں امریکی پاپ گلوکارہ بیونسے پرفارمنس کرتی دکھائی دیں، وہیں ان تقریبات میں سابق امریکی وزیر خارجہ اور صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن بھی نظر آئیں۔

علاوہ ازیں شادی کی تقریبات میں سچن ٹنڈولکر، شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، رنویر سنگھ، ابھیشک بچن، کترینہ کیف، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا، ایشوریا رائے اور گوری خان سمیت کئی بولی وڈ شخصیات بھی نظر آئیں۔

یہی نہیں بلکہ یہ شخصیات ارب پتی شخص کی بیٹی کی پرتعیش شادی میں مہمانوں کو محظوظ بھی کرتی نظر آئیں۔

شادی کی تقریبات میں جہاں دلہن کی والدہ نیتا امبانی اور والد مکیش امبانی رقص کرتے دکھائی دیے، وہیں دلہن خود بھی ناچتی نظر آئیں۔

تقریب میں ابھیشک بچن اور رنویر سنگھ بھی اپنی اپنی بیویوں کے ساتھ ڈانس کرتے دکھائی دیے۔

شاہ رخ خان نے بھی اپنی اہلیہ گوری خان کے ہمراہ ڈانس کرکے لوگوں کو محظوظ کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریبات میں10 دسمبر کو 51 ہزار افراد کو 3 وقت کا کھانا بھی کھلایا گیا۔

ساتھ ہی سنگیت کی تقریبات میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو بھارت بھر کی 108 مختلف طرح کی رسومات اور آرٹس کے کرتبوں سے محفوظ کیا گیا۔

بھارت میڈیا کے مطابق مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی میں اربوں روپے خرچ کیے جائیں گے، تاہم شادی میں کتنا خرچہ کیا جائے گا، اس حوالے سے فوری طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

دوسری جانب یہ اطلاعات بھی ہیں کہ شادی کے بعد نوبیاہتا جوڑے کو ممبئی کے ساحل سمندر پر 50 ہزار فٹ پر محیط ایک محل نما بنگلا تحفے میں دیا جائے گا، جسے 2012 میں 450 کروڑ روپے کی رقم میں تیار کیا گیا تھا۔

نیتا اور ایشا امبانی ہلیری کلنٹن کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام
نیتا اور ایشا امبانی ہلیری کلنٹن کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں