’سوشل میڈیا کو کسی کی ساکھ تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2018
اس وقت سائبر جرائم کی تحقیقات کے اختیارات ایف آئی اے کے پاس ہے—فائل فوٹو
اس وقت سائبر جرائم کی تحقیقات کے اختیارات ایف آئی اے کے پاس ہے—فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی نے قانون کے تحت سائبر جرائم کی تحقیقات کے لیے ایک علیحدہ اور آزاد ادارے کے جلد قیام کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ سینیٹ کمیٹی کا اجلاس 2016 میں متعارف کردہ’ انسداد برقی جرائم کے قانون‘ (پیکا) کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پیکا کے تحت پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو انٹرنیٹ پر موجود قابلِ اعتراض مواد کی شکایات موصول ہونے پر اسے بلاک کرنے جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو کابینہ کی منظوری کے بعد انٹرنیٹ پر ہونے والے جرائم مثلاً ہراساں کرنے اور بینک فراڈ وغیرہ کی تحقیقات کا اختیار حاصل ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سائبر کرائم کی تحقیقات: ایف آئی اے کے پاس صرف 10 ماہرین کی موجودگی کا انکشاف

اجلاس میں بتایا گیا کہ پیکا کے تحت ایف آئی اے کے آپریشن سے متعلق قوانین کو مرتب کرنے میں 2 سال کا عرصہ لگا اور ستمبر میں اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

تاہم انٹرنیٹ پر موجود متنازع مواد کو چیک کرنے اور اس کے خلاف تحقیقات کرنے کے لیے ایک آزاد اور علیحدہ ادارے کے قیام کے لیے قوانین اب تک مرتب نہیں کیے جاسکے۔

اس بارے میں کمیٹی چیئرمین سینیٹر عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے نے تحقیقات کے اپنے اختیارات ایف آئی اے کے حوالے کردیے، انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن (ایم او آئی ٹی) سے دریافت کیا کہ سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے علیحدہ ادارہ قائم کرنے کے لیے ایک مقررہ وقت دیا جائے۔

مزید پڑھیں: ایف آئی اے نے سائبر کرائم کی روک تھام کیلئے خصوصی اختیارات مانگ لیے

کمیٹی کی جانب سے اٹھائے جانے والے کچھ سوالات کے جواب میں سیکریٹری ایم او آئی ٹی کا کہنا تھا کہ سائبر جرائم کی تحقیقات کے لیے ایک علیحدہ ایجنسی قیام کے مراحل میں ہے اور انٹر منسٹریل کمیٹی (آئی ایم سی) میں اس کے کام کی حدود متعین کرنے کا کام جاری ہے۔

اسی طرح اعلیٰ درجے کی صلاحیتوں کی حامل فرانزک لیبارٹری کے قیام کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سائبر جرائم کی بہتر وضاحت کے لیے قانون پر نظر ثانی کرنے کے سلسلے میں نومبر میں انٹر منسٹریل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جبکہ نئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی ’پیکا‘ پر نظرِ ثانی چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کو سائبر کرائم کے 15 نئے شکایتی مراکز قائم کرنے کی اجازت

نئے ادارے کے قیام کی مدت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور محمد علی خان نے یقین دہانی کروائی کہ وہ آئی ایم سی کو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا معلومات ایک طاقتور ذریعہ ہے جس کا منفی استعمال بھی کیا جاسکتا ہے لیکن سوشل میڈیا کو کسی کی ساکھ تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور اس لیے حدود متعین کرنی ہوں گی، دنیا میں کہیں بھی آزادی اظہارِ رائے کی مکمل آزادی نہیں ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز خاص کر سیکیورٹی ایجنسیز سے مشاورت کے بعد ایک آزادانہ ادارے کے قیام کے لیے 3 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔


یہ خبر 14 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں