بھارت کی جناح ہاؤس پر قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دفترخارجہ

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2018

ای میل

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل — فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل — فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ممبئی میں موجود جناح ہاؤس پر قبضہ کرنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ممبئی میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کی رہائش گاہ ’جناح ہاؤس‘ پر ہمارا دعویٰ برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دعوے کو بھارتی حکومت نے بھی مانا ہوا ہے اور یہ دعویٰ برقرار رہے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے نئی دہلی کو واضح پیغام دیا کہ جناح ہاؤس پر بھارتی سرکار کے قبضے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستان کا یوم کشمیر پر لندن میں بھارت مخالف احتجاج کا اعلان

کشمیر میں بھارتی مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت طاقت کے زور سے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا اور مطالبہ کیا کہ بھارت بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں جاری مظالم کی تحقیقات کی اجازت دے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور ان خلاف ورزیوں کے ذریعے وہ دنیا کی توجہ کشمیر میں جاری مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھایا جارہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ آئندہ برس 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھارت کشمیر پر قبضے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

کرتار پور بھارت کو دینے کی بات افواہ ہے، اس میں صداقت نہیں

کرتار پور بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق افواہوں کو رد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ زمین نئی دہلی کے حوالے نہیں کی جارہی اور اس اس سے متعلق اٹھنے والے سوالات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرتار پور گردوارا نانک صاحب صرف سکھوں کے مذہبی رسومات کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارتی جاسوس کو سزا پوری ہونے پر رہا کیا

بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری سے متعلق دفتر خارجہ کے ترجمان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر قانونی طور پر پاکستان آیا اور جاسوسی کے الزام میں گرفتار ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کو قانون کے مطابق سزا دی گئی اور سزا پوری ہونے پر اسے رہا کر دیا گیا کیونکہ اصول کے مطابق کسی قیدی کی سزا ختم ہوجائے تو انہیں چھوڑا جانا چاہیے۔

پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل کے لیے اپنا کردار ادا کیا

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں مفاہمتی عمل میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس کی ہر فورم پر تعریف بھی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکت کی .

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ تینوں فریقین نے دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے (بی آر آئی) سے فوائد حاصل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکا اور افغانستان کے طالبان قیادت سے مذاکرا ت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات افغان مسئلے کے پُرامن حل پر اختتام پذیر ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان نے تعاون کیا اور افغان مسئلے کا حل افغان قیادت کے ساتھ مل کر نکانے کا خواہش مند ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ یہ کہتا ہے کہ طالبان پر اس اثر محدود ہے، اور مزید کہا کہ مستقبل میں مذاکرات کب ہوں گے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کو مدد فراہم کردی گئی

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کی جیل میں قید پاکستانیوں کے بارے میں بتایا کہ وہ بھوک ہڑتال پر تھے، تاہم پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے ان سے ملاقات کی اور انہیں قانونی مدد اور خوراک فراہم کی گئی۔

اسی طرح انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سری لنکا میں قید پاکستانیوں کی سزا پاکستان میں کروانے کے لیے بھی قانونی مدد کا آغاز کردیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان امریکا میں گرفتار پاکستانیوں کی وطن واپسی کے معاملے کو امریکی حکام کے سامنے اٹھا رہا ہے۔