کوئی غلط کام نہیں کیا جس پر سرجھکانا پڑے، نواز شریف

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2018
مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف —فائل فوٹو
مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف —فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے کسی قسم کا خوف نہیں، کوئی غلط کام نہیں کیا جس پر سرجھکانا پڑے، میرا ضمیر مطمئن ہے۔

احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے سے قبل لیگی رہنما عباس آفریدی کے فارم ہاؤس پر نواز شریف نے وکیل خواجہ حارث، بھتیجے حمزہ شہباز اور دیگر سینئر لیگی رہنماؤں سے مشاورتی ملاقات کی اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ملاقات کے دوران نواز شریف نے لیگی رہنماؤں سے کہا کہ ہمیشہ ایمانداری سے ملک اور عوام کی خدمت کی ہے، اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، زیادہ زیادتی بھی نہیں کی جاسکتی۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کو پٹری سے اتار دیا گیا ہے، موجودہ حکومت نے عوامی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کردیا ہے۔

علاوہ ازیں اس ملاقات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنما نواز شریف سے احتجاج کی حکمت عملی پوچھتے رہے لیکن سابق وزیر اعظم نے انہیں کوئی جواب نہیں دیا اور یہ معاملہ پارٹی پر چھوڑ دیا۔

نواز شریف نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا، رانا ثناءاللہ

بعدِ ازاں عباس آفریدی کے فارم ہاؤس پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور ان کی جماعت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن نے حسین نواز کے بیان پر یہ کیس بنایا ہے اور نواز شریف گزشتہ 2 سالوں سے عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا قومی احتساب بیورو نے عدالتوں میں نوز شریف کے خلاف کچھ بھی پیش نہیں کیا، تاہم اگر یہ فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا تو سابق وزیرِ اعظم بری ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا

ماضی کے کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف پر پہلے بھی کیسز بنے اور سزا دی گئی لیکن بعد میں انہیں عدالتوں نے باعزت بری بھی کردیا، جس کے بعد لوگوں نے عزت دی اور وہ تیسری مرتبہ وزیرِ اعظم بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے میں تاخیر کی جارہی ہے، پہلے 10 بجے کا کہا گیا اب دو بجے کا کہا جا رہا ہے جبکہ عدالت سے قبل ہی 'راولپنڈی کا شیطان اور جہلم کا ڈبو' فیصلے سنا رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس طرح کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جیل میں تیاری ہے لوگ اسے جانتے ہیں، نواز شریف کو ملک کو ترقی دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت فیصلہ خلاف آنے کے باوجود احتجاج نہیں کریں گے بلکہ اس معاملے میں قانونی جنگ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز پر فیصلہ کچھ دیر میں سنائے گی۔

اس کیس میں نواز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بچوں حسن اور حسین نواز کے نام بے نامی جائیدادیں بنائیں اور ان کے اثاثے آمدن سے زائد تھے۔

نیب ریفرنسز پر 19 دسمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے آج سنایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں