ہیواوے کے ذیلی برانڈ آنر کا نیا اسمارٹ فون ویو 20 چین میں متعارف کرا دیا گیا۔

یہ آنر کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں پنچ ہول ڈسپلے اور بیک پر 48 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے اور یہ دنیا کا دوسرا فون ہے جس میں 48 میگا پکسل کیمرہ دیا گیا ہے، پہلا فون بھی ہیواوے نے ہی متعارف کرایا۔

مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا 48 میگاپکسل بیک کیمرے والا اسمارٹ فون متعارف

پنچ ہول ڈسپلے سے مراد ایسی اسکرین ہے جس میں فرنٹ کیمرہ ایک چھوٹے گول سوراخ میں دیا جاتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ اس کا ڈیزائن سام سنگ کے انفٹنی او ڈسپلے والے فون گلیکسی اے 8 سے ملتا جلتا ہے۔

6.4 انچ کے فل ویو ڈسپلے میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ فنگر پرنٹ سنسر بیک پر دیا گیا ہے جبکہ وی شیپ پیٹرن بھی ویو کی عکاسی کرتا ہے۔

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

اس فون میں کمپنی نے اپنا کیرین 980 اوکٹا کور پراسیسر دیا ہے جو کہ نائن لیکوئیڈ کول ٹیکنالوجی اور جی پی یو ٹربو 2.0 سے لیس ہے۔

یہ فون ریم اور اسٹوریج کے لحاظ سے 2 ورژن میں دستیاب ہوگا جن میں سے ایک سکس جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج جبکہ دوسرا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہوگا۔

کمپنی نے جلد اس کا 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہواوے 2018 میں ریکارڈ موبائل فروخت کرنے میں کامیاب

اس میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو کہ سپر فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرتی ہے۔

جہاں تک کیمروں کی بات ہے تو بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جن میں سے ایک ایک کیمرہ 48 میگا پکسل کا ہے جبکہ ایک ٹی او ایف کیمرہ بھی ہے جو کہ تھری ڈی سلیمنگ فیچر کو سپورٹ کرتا ہے۔

اس فون کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2999 یوآن (60 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 3499 یوآن (70 ہزارپاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 3999 یوآن (80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

یہ فون دنیا کے مختلف حصوں میں جنوری میں متعارف کرایا جائے گا اور پاکستان میں اس کی قیمت کیا ہوگی، اس کا اندازہ اسی وقت ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں