پشاور کے علاقے تیخل میں ایک 24 سالہ شخص نے اپنے والد اور 3 بھائیوں سمیت خاندان کے 5 افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ 24 سالہ شہری کی اپنے والد سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ان پر فائرنگ کی۔

بعد ازاں جب ان کے تین بھائی اور ایک چچا جائے وقوع پر پہنچے تو ان پر بھی فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں چار افراد موقع پر دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا شخص ذہنی امراض کا شکار تھا اور انہوں نے اپنے ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی مار دیا۔

واقعے کے فوری بعد اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:جیکب آباد: رقم نہ ملنے پر بیٹے نے65 سالہ باپ کو قتل کردیا

یاد رہے کہ 6 دسمبر کو سندھ کے شہر جیکب آباد میں رقم نہ دینے پر بیٹے نے فائرنگ کر کے بزرگ باپ کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کرلی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جیکب آباد کے تھانہ میراں پور کی حدود میں واقع گاؤں لاشار خان جمالی میں بیٹے سھنو لھر نے اپنے باپ قبول لھر سے دس ہزار مانگے تو غربت سے مجبور باپ نے اتنی رقم دینے سے معذوری ظاہر کی۔

باپ کے انکار کرنے پر بیٹے طیش آکر باپ پر ٹی ٹی پسٹل سے فائرنگ کردی جس کے باعث 65 سالہ بوڑھا باپ قبول لھر نے موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔

مزید پڑھیں:خانیوال: سوتیلی ماں کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کی کوشش، باپ ہلاک

باپ کو قتل کرنے کے بعد مبینہ قاتل سھنو لھر نے خود پر بھی فائر کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

رواں سال 13 مارچ کو صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال میں بھی بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے 60 سالہ والد محمد اشفاق کو قتل کردیا تھا۔

صوبہ پنجاب کے علاقے سرگودھا میں 2 دسمبر کو والد اور سوتیلی والدہ نے مبینہ طور پر مالی حالات بہتر کرنے کے لیے جعلی عامل کے کہنے پر اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق سرگودھا میں تھانہ اربن ایریا کے رہائشی مظاہر رسول نے اپنی دوسری اہلیہ کے ساتھ مل کر اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی سویرا کا گلا تیز دھار آلے سے کاٹ دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں