نوکیا کا نیا فلیگ شپ فون کیسا ہوگا؟

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

نوکیا نے اسمارٹ فون مارکیٹ میں 2 سال قبل واپسی کی تھی اور اس وقت سے لوگ اس کمپنی کے ایسے فلیگ شپ فون کے منتظر ہیں جو کہ آئی فون، گلیکسی ایس سیریز اور دیگر کمپنیوں کا مقابلہ کرسکے۔

مگر اس کمپنی نے اب تک اپنی فلیگ شپ نوکیا 9 سیریز کو اب تک متعارف نہیں کرایا جس کے بارے میں افواہیں 2017 سے گردش کررہی ہیں مگر اب بہت یہ بدلنے والا ہے۔

کم از کم ایک نئی لیک سے تو یہی عندیہ ملتا ہے جو اسمارٹ فون کمپنیوں کی تفصیلات جاری کرنے والے معروف ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے کی ہے۔

مزید پڑھیں : نوکیا کے 4 نئے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز متعارف

ایون بلاس نے نوکیا کے فلیگ شپ فون نوکیا 9 پیور ویو کی تصویر لیک کی ہے۔

اور نام سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ نوکیا پیور ویو کیمرہ برانڈنگ کو واپس لارہی ہے جو کہ اس کمپنی کے فونز پسند کرنے والوں کے لیے اچھی کبر ہے۔

یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہوگا جس کے بیک پر 5 کیمرے دیئے جارہے ہیں، ابھی سب سے زیادہ 4 کیمروں والا فون سام سنگ گلیکسی اے 9 ہے۔

اس فون کی تصویر میں 5 کیمروں کے ساتھ ساتھ ایک فلیش کٹ آﺅٹ کے علاوہ 7 واں سوراخ بھی ہے جو کہ ممکنہ طور پر ٹائم آف فلائٹ لینس یا ٹی او ایف لینس کے لیے استعمال ہوگا، تاہم ابھی اس بارے میں کچھ تصدیق سے کہنا مشکل ہے۔

تصویر میں بیک پر فنگرپرنٹ سنسر نظر نہیں آرہا بلکہ وہ فرنٹ اسکرین کے اندر نصب ہے جیسا تصویر میں بھی دکھایا گیا ہے۔

اس کے بیک پر اینڈرائیڈ ون برانڈنگ بھی موجود ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں اینڈرائیڈ پائی کا وہ ورژن ہے جو گوگل نے ریلیز کیا، یعنی کسی قسم کی ملاوٹ نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : نوکیا کا نیا اسمارٹ فون سنگل چارج پر 2 دن تک چلے

اس فون کے لیے نوکیا نے ایج اسکرین کی بجائے فلیٹ ڈسپلے کو استعمال کیا ہے مگر اس میں ٹاپ بیزل کافی نمایاں ہے۔

اس فون میں ممکنہ طور پر ہیڈ فون جیک بھی نہیں ہوگا مگر بیٹری کو پہلے زیادہ طاقتور بنایا جائے گا جبکہ وائرلیس چارجنگ سپورٹ دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

اس فون کی ریلیز ڈیٹ تو ابھی تک سامنے نہیں آئی مگر امکان ہے کہ یہ فون 2019 کی پہلی سہ ماہی میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں