مانچسٹر: چاقو بردار شخص کا مسافروں پر حملہ، 3 زخمی

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2019
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے — فوٹو، اے ایف پی
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے — فوٹو، اے ایف پی

انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں چاقو بردار شخص نے لوگوں پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

برطانوی روزنامہ دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق سالِ نو کی رات وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر موجود لوگوں پر ایک شخص نے چاقو ہاتھ میں لیے اندھا دھند حملہ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق حملے میں پولیس افسر سمیت ایک مرد اور ایک خاتون زخمی ہوئیں جن کی عمریں تقریباً 50 سال ہیں۔

حملے کے بعد پولیس افسر کو کندھے دوسرے شخص کو پیٹ میں شدید زخم آئے جبکہ خاتون کے چہرے پر بھی زخموں کے نشان تھے۔

مزید پڑھیں: مانچسٹر دھماکا: برطانوی میڈیا کے حملہ آور سے متعلق انکشافات

رپورٹ کے مطابق حملہ آور بظاہر مسلمان دکھائی دے رہا تھا جو حملے کے وقت نعرے بازی کر رہا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔

زخمیوں کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اس واقعے کے بعد پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اس حملے سے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ عوام کو کسی بڑے خطرے کا سامنا ہے، تاہم پولیس افسران اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔

مانچسٹر پولیس کے اسسٹنٹ کانسٹیبل روب پوٹس نے کہا کہ اس واقعے نے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کردیا، تاہم میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ملزم کو حراست میں لیا جاچکا ہے جبکہ لوگوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کی عسکری فیکٹری میں دھماکا، ایک شخص ہلاک

واقعے کے بعد ورکٹوریہ ریلوے اسٹیشن کو بند کر دیا گیا جبکہ شہر میں سالِ نو کی تقریب انتہائی سخت سیکیورٹی میں منعقد کی گئی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں یہ حملہ کوئی نیا نہیں ہے بلکہ ماضی میں اس شہر نے اس سے بھی زیادہ بدتر حملوں کو برداشت کیا ہے۔

23 مئی 2017 کو مانچسٹر کے بریٹش ایرینا میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں