آپ لال مسجد آپریشن کرنے آئے تھے اور فلیٹس پر قبضہ کرلیا، چیف جسٹس

08 جنوری 2019
چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد کو کہا کہ اگر قانون پر عمل کرنے والوں نے ہی خلاف ورزی کرنی ہے تو کام کیسے چلے گا۔ فائل فوٹو
چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد کو کہا کہ اگر قانون پر عمل کرنے والوں نے ہی خلاف ورزی کرنی ہے تو کام کیسے چلے گا۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار کی جانب سے سرکاری رہائش پر غیر قانونی قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ لال مسجد آپریشن کروانے کے لیے آئے تھے اور یہاں فلیٹس پر قبضہ کرلیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئی جی اسلام آباد کے سرکاری رہائش پر غیر قانونی قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئی جی اسلام آباد کو روسٹرم پر بلا لیا اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ لال مسجد آپریشن کرنے کے لیے یہاں آئے تھے لیکن فلیٹس پر قبضہ کر لیا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کے زبانی حکم پر ہونے والا آئی جی کا تبادلہ روک دیا

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر قانون پر عمل کرنے والوں نے ہی خلاف ورزی کرنی ہے تو کام کیسے چلے گا؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جس جگہ پر آئی جی اسلام آباد کی رہائش گاہ ہے وہاں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ممبر کا گھر تھا جس پر آئی جی اسلام آباد نے جواب دیا کہ 'میرے علم میں یہ بات ابھی آئی ہے۔

سی ڈی اے کے وکیل نے عدالت میں اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں 200 کواٹرز پولیس نے تاحال خالی نہیں کیے۔

سیکریٹری ہاؤسنگ نے عدالت میں کہا کہ کراچی میں سرکاری گھر خالی کرانے کے لیے حکومت نے اراکین اسمبلی پر مشتمل کمیٹی بنائی۔

یہ بھی پڑھیں: پی پی پی رہنما کے لان پر سی ڈی اے کی کارروائی ‘سیاسی انتقام’ ہے، بلاول

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے علاوہ 563 سرکاری رہائش گاہیں غیر قانونی قبضے میں تھیں جن میں سے 516 گھر واپس لے لیے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی، اس لیے انہیں خالی کروانے میں مزید 2 مہینے کا وقت دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کراچی کے معاملے کو بذاتِ خود دیکھ رہے ہیں۔

بعد ازاں عدالتِ عظمیٰ نے آئی جی اسلام آباد کی غیرقانونی رہائش گاہ کا معاملہ وزیر ہاؤسنگ کو دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے (0) بند ہیں