شیاؤمی کا پہلا 48 میگاپکسل کیمرے والا فون متعارف

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
— فوٹو بشکریہ شیاؤمی
— فوٹو بشکریہ شیاؤمی

چینی کمپنی شیاﺅمی نے اپنا پہلا 48 میگاپکسل بیک کیمرے والا پہلا فون متعارف کرادیا ہے۔

شیاﺅمی ریڈمی نوٹ 7 اور نوٹ 7 پرو کو چین میں جمعرات کو متعارف کرایا گیا جو کہ نوٹ سکس کے اپ ڈیٹ ورژن ہیں، جن میں کافی کچھ بدلا بھی گیا ہے۔

ریڈمی سیریز کو شیاﺅمی نے ایک الگ سیریز کی شکل دے دی ہے اور فونز کے بیک پر لکھا گیا ہے ریڈمی بائی شیاﺅمی۔

مزید پڑھیں : دنیا کا پہلا 48 میگا پکسل کیمرے سے لیس اسمارٹ فون

ریڈمی نوٹ 7 میں نیا گلاس ڈیزائن بیک پر دیا گیا ہے اور ماضی کی طرح میٹل باڈی موجود نہیں۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

یہ فون 3 ورژن میں سامنے آیا ہے یعنی تھری جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج، دوسرا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج جبکہ تیسرا سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج سے لیس ہے۔

نوٹ 7 کا ڈسپلے 6.3 انچ کا ہے جو کہ فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن سے لیس ہے، جس میں آئی فون ایکس جیسا نوچ اوپر دیا گیا ہے جبکہ بیزل کم کیے گئے ہیں۔

اس میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 660 پراسیسر موجود ہے جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ بھی دی گئی ہے۔

اس کے بیک پر 48 میگا پکسل اور 5 میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں جبکہ فرنٹ پر 13 میگاپکسل اے آئی سیلفی کیمرہ ہے جو پورٹریٹ موڈ کے ساتھ ہے۔

اس میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے اور فاسٹ چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی سپورٹ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہیواوے کا ایک اور 48 میگا پکسل کیمرے والا فون متعارف

جہاں تک نوٹ 7 پرو کی بات ہے تو اس کے فیچرز نوٹ 7 جیسے ہی ہیں، بس اس میں 48 میگاپکسل کیمرہ سام سنگ کی بجائے سونی کا ہے اور یہ فون فی الحال صارفین کو دستیاب نہیں ہوگا۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

ریڈمی نوٹ 7 کا 3 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج والا فون 999 یوآن (20 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

اسی طرح 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 1199 یوآن (24 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ سکس جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1399 یوآن (لگ بھگ 29 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہوگا۔

قیمت کے لحاظ سے یہ 48 میگاپکسل بیک کیمرے سے لیس سب سے سستا فون ہے کیونکہ ہیواوے کے جن فونز میں ایسا کیمرہ دیا گیا ہے، ان کی قیمتیں 60 ہزار روپے سے کم نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں