’ٹی سیریز کے مالک نے کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا‘

17 جنوری 2019
بشن کمار اپنی اہلیہ دیویا کمار کے ہمراہ—فوٹو: این ٹی ڈی وی
بشن کمار اپنی اہلیہ دیویا کمار کے ہمراہ—فوٹو: این ٹی ڈی وی

بھارت میں کچھ ہفتوں کی خاموشی کے بعد ایک بار پھر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع ہونے والی ’می ٹو مہم‘ ایک بار پھر متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

اگرچہ بھارت میں ‘می ٹو مہم’ سال 2018 کے آخر میں زوروں پر رہی، تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے یہ تحریک مدھم پڑتی دکھائی دے رہی تھی۔

تاہم گزشتہ ہفتے ایک خاتون کی جانب سے فلم ساز راج کمار ہرانی پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد یہ مہم ایک بار پھر متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

جہاں راج کمار ہرانی پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات سے بولی وڈ میں نئی بحث چھڑ گئی اور کئی لوگ فلم ساز کی حمایت میں سامنے آئے۔

وہیں اب بھارت کی معروف پروڈکشن کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے مالک بشن کمار کے خلاف بھی ایک خاتون نے کام کے بدلے جنسی تعلقات کے مطالبات کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کروادیا۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کا راج کمار ہرانی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بشن کمار پر کسی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگا ہو، اس سے قبل اکتوبر 2018 میں بھی ان پر ایک خاتون نے الزام عائد کیا تھا۔

تاہم اس وقت بشن کمار نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کرنے والی خاتون کے خلاف ہی مقدمہ دائر کروادیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ مکمل تحقیق کے بعد جھوٹے الزام لگانے والی خاتون کو سزا دی جائے۔

تاہم اب بشن کمار کے خلاف ایک خاتون نے مقدمہ دائر کروادیا۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک نامعلوم خاتون نے بشن کمار کے خلاف ممبئی کے اوشیواڑہ پولیس تھانے میں کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مقدمہ دائر کروادیا۔

بشن کمار کی کمپنی ٹی سیریز بولی وڈ کی سب سے بڑی کمپنی ہے—فوٹو: بز ایشیا
بشن کمار کی کمپنی ٹی سیریز بولی وڈ کی سب سے بڑی کمپنی ہے—فوٹو: بز ایشیا

رپورٹ کے مطابق جس خاتون نے بشن کمار کے خلاف مقدمہ دائر کروایا، وہ نئی اداکارہ ہیں اور انہوں نے دعویٰٓ کیا کہ ٹی سیریز کے مالک نے ان سے 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھومی‘ میں کام سمیت دیگر تین فلموں میں کام دینے کے بدلے نامناسب مطالبہ کیا۔

درج کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بشن کمار نے خاتون کو پیش کش کی کہ اگر وہ ان کی جنسی خواہشات پوری کرتی ہیں تو انہیں تین فلموں میں کام دیا جائے گا۔

خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بشن کمار نے انہیں خاموش رہنے کے لیے بلیک میل بھی کیا۔

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ خاتون نے بشن کمار کی پیش کش کو قبول کیا یا مسترد کیا اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ خاتون نے ’بھومی‘ میں کام کیا یا نہیں؟

مزید پڑھیں: جنسی ہراساں کا الزام لگانے والی خاتون کے خلاف بشن کمار کی شکایت درج

ساتھ ہی خاتون کے حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وہ ایسی متعدد نئی اداکاراؤں کو جانتی ہیں جو بشن کمار جیسے طاقتور افراد کا نشانہ بنی ہیں۔

دوسری جانب بشن کمار نے ایک بار پھر اپنے خلاف الزامات کو مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ ’بھومی‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں سنجے دت، سدھانت گپتا، شرد کیلکر اور پورو چھبڑ سمیت اداکارہ ادیتی راؤ حیدری نے اداکاری کی تھی۔

بھومی کی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری بھی یہ انکشاف کر چکی ہے کہ انہیں ہراساں کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
بھومی کی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری بھی یہ انکشاف کر چکی ہے کہ انہیں ہراساں کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

فلم کی کہانی باپ اور بیٹی کے تعلقات کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں باپ کا کردار سنجے دت اور ان کی بیٹی کا کردار ادیتی راؤ حیدری نے ادا کیا تھا۔

ادیتی راؤ حیدری بھی اس سے قبل یہ انکشاف کر چکی ہیں کہ انہیں فلموں میں کام کے بدلے جنسی تعلقات کی پیش کش کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں