چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے منصب سنبھال لیا

اپ ڈیٹ 18 جنوری 2019
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے حلف لیا—فوٹو: بشکریہ پی ایم ہاؤس
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے حلف لیا—فوٹو: بشکریہ پی ایم ہاؤس

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے پاکستان کے 26ویں منصف اعلٰی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

اس سلسلے میں ایوان صدر اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان، چاروں صوبوں کے گورنرز، سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججز، وفاقی وزرا، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے منصب کا حلف لیا۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے بھارت کے اعلیٰ ترین جج کی آمد

اس تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس رنجن گوگوئی، شمالی قبرص کے سپریم کورٹ آف ترک جمہوریہ کے صدر نرین فردی سیفک، نائیجیریا کی بورنو ریاست کے چیف جج کاشیم زنہ، سابق سینئر جج سپریم کورٹ آف انڈیا اور صدر گورننگ کمیٹی آف کامن ویلتھ جوڈیشل ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ جسٹس مادان بھماراؤ لوکر، ان کی اہلیہ سویتہ لوکر اور کینیڈا کے کامن ویلتھ جوڈیشل ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ کے بانی صدر اور سابق جج سندرا ای اوکسنر کو دعوت دی گئی تھی۔

حلف برداری کے بعد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم کورٹ پہنچے اور اپنے چیمبر میں ضروری سرکاری امور نمٹائے۔

چیف جسٹس کے کمرہ عدالت میں پہنچنے پر اٹارنی جنرل انور منصور خان اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی نے روسٹرم پر آکر چیف جسٹس کو خوش آمدید کہا جبکہ اس دوران بیرون ملک سے آئے ہوئے ججز اور دیگر شخصیات بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

بعد ازاں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے عدالت میں اپنے پہلے روز 3 مقدمات کی سماعت کرکے عدالتی کارروائی ختم کردی۔ عدالت عظمیٰ میں کورٹ نمبر ایک میں 3 فوجداری مقدمات سماعت کے لیے مقرر تھے، جس پر چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس منصور علی شاہ نے سماعت کی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی بات کی جائے تو ان کا کیریئر تقریباً 2 دہائیوں پر مشتمل ہے، جس میں انہوں نے 55 ہزار کیسز سے زائد میں فیصلے دیے جبکہ 2014 سے ان کی سربراہی میں ایک خصوصی بینچ نے 10 ہزار سے زائد مجرمانہ نوعیت کے کیسز کا فیصلہ دیا۔

گزشتہ روز سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس منعقد ہوا تھا، جس میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنی مدت ملازمت کے لیے ایجنڈے کا تعارف کرایا تھا۔

انہوں نے یہ مشاہدہ کیا تھا کہ ’کامیاب حکومتیں مالی مسائل کے سبب ججز اور مجسٹریٹ کی تعداد میں مناسب اضافہ کرنے میں ناکام رہیں‘ اور پورے ملک کی تمام عدالتوں میں 3 ہزار ججز اور مجسٹریٹس کے لیے 19 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس صورتحال کے باعث یہ وقت ہے کہ کچھ بڑے اور سخت فیصلے لیے جائیں‘ جیسا کہ ’قانونی چارہ جوئی کو کم کرنے، غیر ضروری تاخیر ختم کرنے اور کام کے بوجھ کو تقسیم کرنے سمیت مجموعی طور پر عدالتی نظام کی تنظیم نو کے لیے ساخت اور نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے‘۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کا تعارف

جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954 کو صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے، وہ اپنی تعلیمی قابلیت اور سب سے زیادہ فیصلے تحریر کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

انہیں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے سے شہرت ملی جبکہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی سفارش کی تھی۔

انہوں نے 1969 میں میٹرک کے امتحان میں ملتان بورڈ سے پانچویں جبکہ 1971 میں انٹرمیڈیٹ میں لاہور بورڈ اور 1973 میں پنجاب یونیورسٹی سے پہلی پوزیشنز حاصل کیں، اسی یونیورسٹی سے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 1975 میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی، ان کی قابلیت کی وجہ سے انہیں 3 مرتبہ نیشنل ٹیلنٹ اسکالرشپ سے نوازا گیا۔

ماسٹرز ڈگری کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے برطانیہ کا رخ کیا، جہاں کیمبرج یونیورسٹی سے 1977 اور 1978 میں انہوں نے قانون کی 2 ڈگریاں حاصل کیں، برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ 1979 میں وطن واپس آئے اور لاہور ہائیکورٹ سے وکالت کا آغاز کیا اور 1985 میں سپریم کورٹ کے وکیل بن گئے۔

20 سال تک وکالت جاری رکھنے کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 مئی 1998 میں لاہور ہائیکورٹ جبکہ 2010 میں سپریم کورٹ کے جج منتخب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: فل کورٹ ریفرنسز متنازع کیوں بنے؟

مئی 1998 میں آصف سعید کھوسہ لاہور ہائی کورٹ میں جج مقرر ہوئے اور جب سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے 7 نومبر 2007 کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے آئین معطل کیا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی ان ججز میں شامل تھے جنہوں نے 'پی سی او' کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا۔

اگست 2008 میں وکلا کی تحریک کے بعد وہ لاہور ہائی کورٹ میں جج کی حیثیت سے بحال ہوئے۔

علاوہ ازیں جسٹس آصف سعید کھوسہ 4 کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں، ہیڈنگ دی کانسٹیٹیوشن، کانسٹیٹیوشنل اپولوگس، ججنگ ود پیشن اور بریکنگ نیو گراونڈ شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں