نادرا کے لانڈھی میں واقع دفتر سے 1800 شناختی کارڈ چوری

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2019
پولیس نے مشتبہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی—فائل/فوٹو: ڈان
پولیس نے مشتبہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی—فائل/فوٹو: ڈان

کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر سے نامعلوم افراد نے تقریباً 1800شناختی کارڈ چوری کر لیے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ رات گئے لانڈھی نمبر ساڑھے 3 میں واقع نادرا کے دفتر میں مشتبہ افراد داخل ہوئے اور تقریباً 1800 شناختی کارڈ اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نادرا حکام کی شکایت پر مشتبہ افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 457، 380 اور34 کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرا دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: چیئرمین نادرا کا سینٹرز کا اچانک دورہ،عملے کی کارکردگی کا پول کھل گیا

سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے لانڈھی میں نادرا کے دفتر میں چوری کے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور ایس ایس پی کورنگی سے اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین نادرا عثمان مبین نے گزشتہ برس فروری کے اواخر میں کراچی میں نادرا کے مختلف دفاتر میں اچانک چھاپے مارے تھے اور عوام کی مشکلات کا نوٹس لیا تھا۔

عثمان مبین کراچی کے علاقے سائٹ میں واقع نادرا کے میگا سینٹر میں عام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہوگئے تھے جہاں عملے نے کا ان کا فارم بھی اعتراض لگا کر واپس کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: ایک درجن سے زائد نادرا سینٹرز کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا

چیئرمین نادرا نے ادارے کے ستائے شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا بھی مشاہدہ کیا اور شہریوں کو تنگ کرنے پر سائٹ میگا سینٹر کی خاتون اسٹاف سمیت دو افسران کو معطل کر دیا تھا۔

عثمان مبین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شہری کسی بھی سینٹر سے شناختی کارڈ بنوا سکتا ہے اور مستقبل میں بھی شہریوں کو تنگ کرنے والے اسٹاف کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

قبل ازیں کراچی میں مختلف اضلاع کے عوام اپنے علاقے سے باہر کسی دوسرے دفتر میں شناختی کارڈ نہیں بنوا سکتے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں