نیب تمام لوگوں کے ساتھ احترام سے پیش آتا ہے، چیئرمین

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2019
نیب کی وابستگی صرف پاکستان کے ساتھ ہے—فائل فوٹو
نیب کی وابستگی صرف پاکستان کے ساتھ ہے—فائل فوٹو

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں اور وہ تمام لوگوں کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آنے پر یقین رکھتا ہے۔

نیب لاہور کے دفتر میں تحقیقات کرنے والے افسران اور پراسیکیوٹرز سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کی پہلی ترجیح بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا چیئرمین نیب کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان

انہوں نے کہا کہ ’نیب کی وابستگی صرف پاکستان کے ساتھ ہے اور اس کا مقصد ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو وصول کرنا ہے‘۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بیورو ان تمام افراد جن کے خلاف انکوائریز اور تحقیقات شروع ہوچکی ہیں، ان کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آنے پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ریجنل آفسز میں ڈیسک قائم کردی گئی ہیں جہاں ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شکایات سنیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے قانون کے مطابق مبینہ طور پر جعلی بینک اکاؤنٹس میں شامل ’ایک بڑے کیس‘ کی تحقیقات شروع کیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس نیب کو منتقل کیا گیا جو عدالت عظمیٰ کا انسداد کرپشن کے ادارے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے‘۔

خیال رہے کہ نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی اعلیٰ قیادت، بینکرز اور ریئل اسٹیٹ کاروبار کے اہم کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری، فریال تالپور کے خلاف تحقیقات کیلئے نیب ٹیم تشکیل

نیب چیئرمین نے کہا کہ وائٹ کالر جرائم کے کیسز نمٹانے کے لیے ماہرین اور ٹھوس ثبوت کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے لیے نیب کے تحقیقات کرنے والے افسران کو روزانہ کی بنیاد پر تربیت دی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کیسز میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیے جاتے اور اگر کوئی کیس تحقیق کے معیار پر پورا نہیں اترتا تو اسے بغیر کسی تاخیر کے بند کردیا جاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے تحقیقاتی افسران کو اپنی تمام تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے‘۔


یہ خبر 24 جنوری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں