کیمبرج یونیورسٹی پریس کے 'ڈیڈیکیٹڈ ٹیچر ایوارڈز' کیلئے پاکستانی نامزد

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2019
حتمی نامزدگیوں میں پاکستانی ٹیچر احمد سایاں بھی شامل ہیں — فوٹو: فیس بک
حتمی نامزدگیوں میں پاکستانی ٹیچر احمد سایاں بھی شامل ہیں — فوٹو: فیس بک

دنیا کی معروف ترین کیمبرج یونیورسٹی کے 'کیمبرج یونیورسٹی پریس' نے 2019 کے سب سے زیادہ ڈیڈیکیٹڈ (پرعزم ترین) ٹیچر ایوارڈز کی نامزدگیوں میں پاکستانی ٹیچر نے بھی شامل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کیمبرج یونیورسٹی پریس کی جانب سے رواں سال کے ڈیڈیکیٹڈ ٹیچر ایوارڈز کی حتمی نامزدگیوں میں 6 اساتذہ کو منتخب کیا گیا ہے، جس میں پاکستانی ٹیچر احمد سایاں بھی شامل ہیں۔

کیمبرج یونیورسٹی پریس کی ویب سائٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق ڈیڈیکیٹڈ ٹیچر ایوارڈز کے لیے پہلے مرحلے میں دنیا بھر سے طلبہ نے سیکڑوں ٹیچرز کو نامزد کیا۔

ابتدائی نامزدگیوں کے بعد موجودہ ٹیچرز، ماہرین تعلیم اور مصنفین پر مشتمل پینل، کیمبرج یونیورسٹی اور کیمبرج یونیورسٹی پریس کے بورڈ اراکین نے 6 نامزدگیوں کو مقابلے کے آخری مرحلے کے لیے منتخب کیا۔

حتمی نامزدگیاں ٹیچرز کے معیار تعلیم، طلبہ کی ہر وقت مدد کرنے کے جذبے، تعلیم میں ان کی دلچسپی بڑھانے اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے کی کوشش کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئیں۔

احمد سایاں کا انتخاب بھی طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے ان کی انتھک محنت، ہر طالب علم کی مشکل کو انفرادی طور پر حل کرنے کے جذبے اور انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں کیا گیا۔

حتمی نامزدگی کے لیے منتخب ہونے والے دیگر اساتذہ میں سری لنکا کے انتھونی شیلیا، آسٹریلیا کی کیڈیس گرین، بھارت کے ابھینندن بھٹاچاریا، فلپائن کے جِمرے ڈاپِن اور ملائیشیا کی شارون کونگ فونگ شامل ہیں۔

سال کے 'پرعزم ترین ٹیچر' کے انتخاب کے لیے 27 جنوری تک ووٹنگ کا عمل رکھا گیا ہے، جس کے بعد سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے ٹیچر کو اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں