بلاول بھٹو زرداری کی 4 شادیاں، منصوبہ بندی ہو رہی ہے؟

اپ ڈیٹ 04 فروری 2019
بلاول بھٹو زرداری دو بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں — فوٹو: بشکریہ پیپلز پارٹی
بلاول بھٹو زرداری دو بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں — فوٹو: بشکریہ پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین کے حوالے سے پہلے یہ سوال پوچھا جاتا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری شادی کب کریں گے؟ لیکن اب انہوں نے خود ہی ایک اور انکشاف کردیا ہے کہ اس بات پر غور ہو رہا ہے کہ وہ ایک شادی کریں یا ان کو 4 شادیاں کرنی چاہیئں۔

کراچی پریس کلب (کے پی سی) میں 'میٹ دی پریس' میں ایک صحافی نے پی پی پی کے سربراہ سے سوال کیا کہ انتخابات سے قبل شادی کریں گے، یا وزیراعظم بننے کے بعد شادی ہوگی؟

صحافی کے سوال پر بلاول بھٹو زردای نے ازراہ تفنن کہا کہ اس پر تفصیلی اور جامع منصوبہ بندی کے اجلاس ہو رہے ہیں، اور باقاعدہ تاریخ مقرر کرنے کی حکمت عملی طے ہو رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ طے کیا جا رہا ہے کہ ہم انتخابات سے قبل شادی کریں، یا انتخابات کے بعد شادی ہو، یا پھر انتخابی مہم کے دوران شادی کر لی جائے۔

واضح رہے کہ موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ برس انتخابی مہم کے باقاعدہ آغاز سے کچھ ماہ قبل تیسری شادی کی تھی، جبکہ پیپلز پارٹی اس وقت تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مہم چلا رہی ہے، جس میں وزیر اعظم اور ان کی جماعت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شادی کے حوالے سے پی پی پی کے چیئرمین کی گفتگو پر تقریب میں موجود افراد نے بھر پور قہقہے لگائے، تاہم بلاول نے اپنی بات جاری رکھی۔

بلاول نے شادی کے معاملے میں سیاست کو مزید شامل کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ بھی طے کیا جا رہا ہے کہ میں ایک شادی کروں یا چار، کیونکہ چار صوبے ہیں، تو ہر صوبے سے ایک بیوی ہونی چاہیے۔

ازراہ مذاق وہ یہ بھی کہہ گئے کہ یہ بات بھی زیر غور ہے کہ ان 4 شادیوں کا سیاست پر کیا اثر پڑے گا، اور جب اس حوالے سے رپورٹ بن جائے گی، تو سب کو مطلع کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی کے حوالے سے سوال پوچھا گیا ہو، پہلے بھی کئی بار اس حوالے سے بات ہوتی رہی ہے۔

ایک بار 2016 میں ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آپ کو شادی کی بھی کوئی پیشکش ہے؟ تو بلاول نے جواب دیا تھا کہ ان کو شادی کی بہت ساری پیشکشیں ہیں، تاہم ان سے رشتہ اسی کا ہو سکے گا، جو ان کی بہنوں کو راضی کر لے۔

31 سالہ بلاول بھٹو زرداری 2007 میں اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی راولپنڈی میں بم دھماکے میں شہادت کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بنائے گئے تھے، ان کی 2 چھوٹی بہنیں 28 سالہ بختاور اور 26 سالہ آصفہ ہیں۔

پی پی پی کے سربراہ 2017 میں پیپلز پارٹی کے ایک رہنما کے گھر شادی میں شریک تھے، تو ان سے سوال کیا گیا کہ وہ شادی کب کریں گے؟ اس سوال پر انہوں نے تھوڑا شرما کر جواب دیا تھا کہ وہ ابھی 29 سال کے ہی تو ہیں، شادی کی جلدی کیا، شادی بھی ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک ایسے سیاسی خاندان میں پرورش پائی ہے جہاں ان کے نانا ذوالفقار علی بھٹو ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی رہے، جبکہ دادا بھی اسی وزیر اعظم کے ساتھ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن بنے، ان کی والدہ بے نظیر بھٹو دو بار ملک کی وزیر اعظم رہیں جبکہ والد آصف علی زرداری پہلی بار جمہوری حکومت میں مقرر مدت پوری کرنے والی پہلے صدر گزرے ہیں، ایسے میں بلاول بھٹو زرداری کی شادی اور سیاست دونوں کا قریبی تعلق کہا جا سکتا ہے۔

گزشتہ کچھ برسوں میں جن سیاست دانوں کی شادیاں میڈیا میں سب سے زیادہ زیر بحث رہیں، ان میں موجودہ وزیر اعظم عمران خان سرفہرست ہیں، جن کی 2015 میں ریحام خان سے شادی اور پھر اسی سال طلاق میڈیا کی شہہ سرخی بنی، بعد ازاں گزشتہ سال انتخابات 2018 سے کچھ ماہ قبل عمران خان نے بشریٰ بی بی سے شادی کی تھی، جو تحریک انصاف کے چیئرمین کی تیسری شادی تھی۔

عمران خان کی تیسری شادی کی خبریں سامنے آنے پر گزشتہ برس ہی ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری سے سوال کیا گیا تھا کہ وہ شادی کب کر رہے ہیں، تو پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا تھا کہ میں ابھی کم عمر ہوں، میرا نمبر بھی آئے گا، لیکن میری خواہش ہے کہ جب بھی میری شادی ہو ایک ہی ہو، لیکن اس میں بھی ابھی وقت ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Danish Feb 03, 2019 03:37am
No one cares, just leave us alone................