مراد سعید کا ملتان-سکھر موٹروے منصوبے میں کرپشن کا الزام

اپ ڈیٹ 08 فروری 2019
مراد سعید نے کہا کہ (ن) لیگ  نے منصوبے کے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دیے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
مراد سعید نے کہا کہ (ن) لیگ نے منصوبے کے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دیے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام تعمیراتی منصوبوں میں کی گئی کرپشن کو سامنے لایا جائے گا اور لوٹا ہوا پیسہ واپس لایا جائے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے الزام عائد کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملتان-سکھر موٹر وے کی تعمیر کے لیے 2 سو 59 ارب روپے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔

مزید پڑھیں: سکھر ملتان موٹروے پروجیکٹ میں 137 ارب روپے کی کرپشن کا الزام

مراد سعید نے کہا کہ ’ بعدازاں مالیاتی بدانتظامی کے باعث اس کی لاگت 2 سو 92 ارب روپے تک جاپہنچی جس کی وجہ سے منصوبے کو شدید نقصان پہنچا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ مسلم لیگ (ن) نے منصوبے کے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دیے تھے جس کی وجہ سے قوم کو اربوں روپے کے خسارے کا سامنا ہوا‘۔

مراد سعید نے الزام عائد کیا کہ ’احسن اقبال، جاوید صادق اور شریف برادران اس منصوبے میں ملوث ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ بلاتفریق احتساب کی مدد سے قوم کی لُوٹی ہوئی دولت کو واپس لایا جائے گا ‘،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شفاف اور بلاتفریق احتساب جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ’ ہم پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی) کی حکومت میں کی گئی کرپشن جلد بے نقاب کریں گے‘۔

مراد سعید نے کہا کہ ’ میں جلد اس حوالے سے تفصیلات سامنے لاؤں گا کہ پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں کس طریقے سے رقم لاڑکانہ منتقل کی گئی ‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے مکمل خاتمے کے وزیراعظم کے وعدے کو جلد پورا کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات نے مزید کہا کہ ہم بڑے خواب لے کر آئے ہیں، کرپٹ عناصر کو جیل میں ڈالا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں