کراچی کنگز کی تقریب میں فہد مصطفیٰ کے نامناسب رویے پر صحافی سراپا احتجاج

اپ ڈیٹ 14 فروری 2019
کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب میں فرنچائز کے مالک سلمان اقبال اور ڈائریکٹر وسیم اکرم بھی موجود تھے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب میں فرنچائز کے مالک سلمان اقبال اور ڈائریکٹر وسیم اکرم بھی موجود تھے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب تنازع کا شکار ہوگئی جہاں پروگرام کے میزبان فہد مصطفیٰ کی جانب سے صحافی سے تضحیک آمیز رویہ اختیار کرنے پر صحافی برداری نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

کراچی کنگز کی کٹ لانچنگ کی تقریب ہفتے کو نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں ٹیم کا نیا ترانہ بھی جاری کیا گیا جسے معروف گلوکار شہزاد رائے نے اپنی آواز دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز کی لانچنگ تقریب، پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے کیلئے پُر جوش

پروگرام کے دوران میزبان فہد مصطفیٰ نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں وسیم اکرم کے بعد محمد عامر سب سے بہترین باؤلر آئے ہیں۔

اس موقع پر نجی ٹی وی سما کے صحافی شعیب جٹ نے سوال کرنا چاہا تو وہ میزبان فہد کو غلطی سے ’فواد‘ کہہ گئے جس پر فہد مصطفیٰ نے نہ صرف اپنے نام کی تصحیح کی بلکہ ساتھ ساتھ مضحکہ خیز انداز میں یہ بھی کہہ دیا کہ ’اسی لیے تم لوگوں کو تنخواہ نہیں ملتی‘۔

شعیب جٹ نے اپنا سوال جاری رکھتے ہوئے فہد مصطفیٰ کی کرکٹ سے لاعلمی کی نشاندہی کی اور انہیں کہا کہ اگر آپ کرکٹ کے بارے میں معلومات رکھتے تو ایسا نہیں کہتے لیکن پروگرام کے میزبان ان کی بات کا برا مان گئے اور ان کا مائیک بند کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے آغاز سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مداحوں کیلئے تحفہ

اس موقع پر صحافی نے بات کرنے کا موقع نہ دینے پر احتجاج کیا جس پر فہد مصطفیٰ نے ایک مرتبہ پھر اُن پر جملہ کستے ہوئے کہا کہ ’پرائی شادی میں آ کر بربادی کرتے ہو تم لوگ‘۔

واضح رہے کہ ملک کے کئی میڈیا ہاؤسز میں صحافیوں اور دیگر ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں جبکہ بعض نجی چینلز نے اپنے کئی ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا ہے اور کئی کی تنخواہوں میں کٹوتی بھی کردی گئی ہے۔

صحافتی تنظیموں نے نتخواہوں کی عدم ادائیگی اور صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کرنے پر بطور احتجاج چند نجی ٹی وی چینلز پر نیوز کانفرنس کی کوریج کرنے پر پابندی بھی لگارکھی ہے۔

صحافی سے نامناسب رویے پر صحافیوں نے سوشل میڈیا پر فہد مصطفیٰ کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے رویے پر احتجاج کیا۔

مذکورہ تقریب میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال، چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق وصی، کپتان عماد وسیم، کوچ مکی آرتھر اور ڈائریکٹر وسیم اکرم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ 14فروری کو لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تبصرے (2) بند ہیں

KHAN Feb 10, 2019 07:19pm
بات تو سچ ہے
راضیہ سید Feb 11, 2019 09:20pm
مجھے فہد مصطفے سے ذاتی پرخاش نہیں لیکن واقعی وہ بہت ہی بدتہذیبی کا مظاہرہ کرتے ہیں آج کل ، شاید پہلے ایسے نہ ہوں ۔لیکن ان شوبز کے لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ قائم بھی صرف میڈیا کی وجہ سے ہیں ورنہ ان کو جانتا کون ہے ؟ معذرت کیساتھ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ یہ کہہ کہ اس لئے ہی تم کو تنخواہ نہیں ملتی کہہ کہ ان کی عزت نفس مجروح کرے ۔