آئی ایم ایف سے معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، اسد عمر

اپ ڈیٹ 11 فروری 2019
وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے خطاب میں ملک میں سیاحت کے فروغ پر بھی زور دیا— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے خطاب میں ملک میں سیاحت کے فروغ پر بھی زور دیا— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) فنڈ سے مذاکرات کے منطقی انجام تک پہنچنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اور آئی ایم ایف کے درمیان فرق میں کمی آئی ہے اور عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ جلد معاملات طے پا جائیں گے۔

پشاور چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ دبئی میں آئی ایم ایف کی سربراہ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی اور انشااللہ اچھا معاہدہ ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے تعاون کیلئے تیار ہیں، آئی ایم ایف سربراہ کی یقین دہانی

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدل لی ہے اور ہم ان سے معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اس کو آخری معاہدہ بنائیں لیکن یہ آخری معاہدہ اسی وقت بنے گا جب ہم تجارت بڑھائیں، آپ کا کاروبار بڑھے گا اور آپ ترقی کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پہاڑوں پر انڈسٹری نہیں لگ سکتی لہٰذا یہاں کے مقامی لوگوں کو گھروں کے پاس نوکریاں اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیاحت کو فروغ دیں۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم سب نے دنیا دیکھی ہے اور اتنے خوبصورت مقامات دنیا میں کہیں بھی نہیں ہیں، خصوصاً خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان اللہ تعالیٰ کی خصوصی نعمت ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملائیشیا کی سیاحت سے سالانہ آمدن 22 ارب ڈالر ہے، ترکی 44 ارب ڈالر ہے اور اسی وجہ سے وزیر اعظم سیاحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس سے ملک میں آمدنی بھی آئے گی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے عالمی معاشی بحران کا عندیہ دے دیا

اس موقع پر انہوں نے صوبائی دارالحکومت کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور، افغانستان اور وسطی ایشیا کے لیے قدرتی تجارتی راہداری ہے جس سے اس کی اہمیت دگنی ہو جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مشرقی اور مغربی ممالک سے تعلقات بہتر کر کے تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بھارت میں تو انتخابات تک کسی بہتری کی امید نہیں لیکن مغربی ممالک جیسے ایران اور افغانستان کے ساتھ ہمیں اپنی بھرپور قوت کے ساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ضرور پڑھیں: پاکستان کیلئے سعودی عرب کا سب سے بڑا ’سرمایہ کاری پیکج‘ تیار

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ہم ترکی کے ساتھ مل کر ایک اسٹریٹیجک اکنامک فریم ورک بنا رہے ہیں جس کا پہلا ڈرافٹ فروری میں تیار کر کے ہم ترکی کو دے دیں گے اور اس فریم ورک کے ذریعے ہمارا مقصد ہے کہ صرف ترکی ہی سے تجارت نہ کریں بلکہ آج سے 10 سے 20سال بعد ایران بھی اس کا حصہ ہو۔

اسد عمر نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ یورپ اور وسط ایشیائی ممالک میں سرمایہ کاری کے لیے ترکی، پاکستان کے لیے ذریعہ بنے اور بھارت اور چین میں تجارت کے لیے پاکستان، ترکی کے لیے ذریعہ بنے۔

تبصرے (0) بند ہیں