کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما کی 'ٹارگٹ کلنگ'

اپ ڈیٹ 19 فروری 2019
مقتول کو کئی گولیاں لگی تھیں — فوٹو:ڈان نیوز
مقتول کو کئی گولیاں لگی تھیں — فوٹو:ڈان نیوز

کراچی کی مصروف سخی حسن چورنگی کے قریب مشتبہ ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق 40 سالہ عبدالوہاب لینڈ کروزر گاڑی چلا رہے تھے اور جیسے ہی وہ سرینا موبائل مارکیٹ کے قریب پہنچے تھے کہ مسلح موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔

ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم شیخ نے کہا کہ عبدالوہاب کو شدید زخم آئے تھے اور جب انہیں عباسی شہید ہسپتال لایا گیا تو ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مقتول کو کئی گولیاں لگی تھیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے ترجمان افتخار عالم نے ڈان کو بتایا کہ عبدالوہاب ان کی جماعت کے رہنما تھے، جنہوں نے پارٹی کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے حلقہ 122 سے انتخابات میں حصہ بھی لیا تھا۔

پولیس نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے امکان کو رد کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی:یونین کونسل کے دفتر میں فائرنگ، ایم کیو ایم کارکن جاں بحق

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ 'واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ تفتیش کار اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اس واقعے کا شہر میں گزشتہ دنوں شہر میں مخصوص سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

سیاسی کارکنان اور پولیس اہلکاروں کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے امیر شیخ نے انکشاف کیا کہ تفتیش کاروں کو دسمبر میں رضویہ سوسائٹی میں پاک سرزمین پارٹی کے 2 کارکنان کے قتل اور 2 کو زخمی کرنے والے قاتلوں سے متعلق کچھ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح دسمبر میں ایم کیو ایم کے سابق رہنما علی رضا عابدی کے قتل سے متعلق بھی اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کے واقعے میں 4 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، جبکہ قاتلوں کی شناخت بھی کی جاچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پی ایس پی رہنما 'قاتلانہ حملے' میں محفوظ

دوسری جانب آئی جی سندھ سید کلیم امام نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی وسطی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں