اداکارہ ایمان علی کی شادی کی تقریبات کا آغاز

21 فروری 2019
ایمان علی کی مایوں کی تقریب میں متعدد شخصیات نے شرکت کی—فوٹو: انسٹاگرام
ایمان علی کی مایوں کی تقریب میں متعدد شخصیات نے شرکت کی—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ و معروف ماڈل ایمان علی جو جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ میں جلوے دکھاتی نظر آئیں گی، ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

ایمان علی کی شادی شہید میجر عزیز بھٹی کے پوتے بابر عزیز بھٹی سے ہو رہی ہے۔

اپنی شادی اور بابر بھٹی سے تعلقات کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے ایمان علی نے بتایا کہ ان کے اور بابر کے تعلقات ڈیڑھ سال قبل استوار ہوئے اور انہوں نے اچانک شادی کا فیصلہ کیا۔

ایمان علی کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کا اور بابر بھٹی کا تعلق لاہور سے ہے، تاہم وہ کراچی میں ایک دوست کی سالگرہ پر پہلی بار ملے تھے، جس کے بعد ان میں شناسائی ہوئی۔

ایمان علی اپنی والدہ اور بہنوں کے ساتھ—فوٹو: انسٹاگرام
ایمان علی اپنی والدہ اور بہنوں کے ساتھ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ بابر بھٹی سے تعلقات استوار ہونے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ وہی شخص ہیں جن کی انہیں تلاش تھی، اس لیے اب وہ ان سے شادی کر رہی ہیں۔

ایمان علی کے مطابق ان کی والدہ اور بہنیں ان سے کافی وقت سے شادی کرنے کی ضد کرتی رہیں، تاہم انہوں نے ہر بار ان کی ضد کو مسترد کیا، لیکن کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے سب کو شادی کا بتا کر حیران کردیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی شادی کی خبریں اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوں تاہم ان کے دوستوں نے ان کی شادی سے متعلق معلومات شیئر کی۔

ایمان علی ڈھولکی کی تقریب میں بھی سادگی میں نظر آئیں—فوٹو: انسٹاگرام
ایمان علی ڈھولکی کی تقریب میں بھی سادگی میں نظر آئیں—فوٹو: انسٹاگرام

ایمان علی نے شادی کی تقریبات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہترین کوریو گرافر کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اور شادی کی تقریبات میں خوب ڈانس ہوگا۔

اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ ان کی ٹیم دولہے کی ٹیم کو ڈانس میں شکست دینے کے لیے تیار ہے۔

ایمان علی نے بتایا کہ وہ شادی پر سفید رنگ کا لباس پہنیں گی اور وہ گہرے میک اپ کرنے سے گریز کریں گی کیوں کہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے سب سے اہم دن پر نیچرل نظر آئیں۔

ایمان علی خود ڈھولکی بجاتی دکھائی دیں—فوٹو: انسٹاگرام
ایمان علی خود ڈھولکی بجاتی دکھائی دیں—فوٹو: انسٹاگرام

ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ شادی کے ایک ہفتے بعد ہی اپنی آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی شوٹنگ شروع کریں گی۔

گزشتہ شب ایمان علی کی مایوں کی تقریب میں ان کے قریبی دوستوں سمیت قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔

خیال رہے کہ ایمان علی سے قبل اداکارہ و ماڈل آمنہ بابر نے بھی سادگی سے شادی کی تھی۔

آمنہ بابر نے رواں ماہ 18 فروری کو دیرینہ دوست زاہد نون سے شادی کی تھی۔

جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب کو خفیہ رکھتے ہوئے انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو نہیں کیا۔

بابر عزیز بھٹی سے ان کے تعلقات ڈیڑھ سال سے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
بابر عزیز بھٹی سے ان کے تعلقات ڈیڑھ سال سے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Babu Feb 22, 2019 05:38pm
Bride Beautiful.