بھارتی فضائیہ کا ایئر شو: پارکنگ میں کھڑی 300 گاڑیاں خاکستر

اپ ڈیٹ 23 فروری 2019
10 فائربریگیڈ گاڑیوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کی—بشکریہ ٹوئٹر
10 فائربریگیڈ گاڑیوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کی—بشکریہ ٹوئٹر

بھارت کے شہر بنگالورو میں ’ایئر انڈیا شو‘ کے دوران آگ بھڑکنے سے پارکنگ میں کھڑی شائقین کی 300 گاڑیاں خاکستر ہو گئیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بنگالورو میں یِلہانکا ایئربیس میں فضائی شو جاری تھا کہ اس دوران پارکنگ میں موجود شائقین کی ہزاروں گاڑیوں میں سے 300 گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کے 2 طیارے تباہ

بھارتی میڈیا کے مطابق آگ بھڑکنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم تقریباً 10 فائر بریگیڈ گاڑیوں نے آگ کو بجھانے کی کوشش کی۔

مذکورہ آگ کے نتیجے میں کسی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔

ڈی جی پی فائر ایم این ریڈی نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں کہا کہ ’آگ بھڑکنے سے 100 سے زائد کاریں جل گئیں، آگ پر قابو میں پانے کے لیے دیگر کاروں کو نذرآتش کاروں سے علیحدہ کیا گیا۔'

ان کا کہنا تھا کہ ’واقعے میں تاحال جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی‘۔

مزید پڑھیں: بھارت کا جنگی طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ ہلاک

ڈی جی پی فائر نے بتایا کہ ’خشک گھاس پر بھڑکنے والی آگ تیز ہوا کی وجہ سے پھیلی‘۔

بعد ازاں انہوں نے ایک اور ٹویٹ کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’واقعے میں تقریباً 300 کاریں جل چکی ہیں‘۔

واضح رہے کہ 19 فروری کو اسی ایئر شو کی ریہرسل کے دوران بھارتی فضائیہ کی سُریاکرن ایروبیٹک ٹیم کے 2 جیٹ طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے تھے، جس میں ایک پائلٹ ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 28 جنوری کو بھی بھارتی فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ اتر پردیش میں گر کر تباہ ہوا تھا جس میں پائلٹ محفوظ رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: 5 سال میں 20 جنگی طیارے تباہ

27 جون 2018 کو ایک طیارہ آزمائشی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹس محفوظ رہے۔

اسی طرح 5 جون 2018 کو بھی بھارتی ایئر فورس ایک کا جنگی طیارہ ریاست گجرات میں ضلع موندرا میں گر کر تباہ ہوا جس میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں