نام میں کیا ہے: بھارت میں بیکری کے نام سے لفظ 'کراچی' ہٹا دیا گیا

23 فروری 2019
بیکری کے نام سے کراچی کا لفظ ڈھانپا ہوا نظر آرہا ہے — فوٹو: ٹویٹر
بیکری کے نام سے کراچی کا لفظ ڈھانپا ہوا نظر آرہا ہے — فوٹو: ٹویٹر

بھارت کے شہر بنگالورو میں کراچی بیکری کی دکان نے مشتعل ہجوم کے احتجاج کے بعد اپنے سائن بورڈ پر موجود 'کراچی' کے لفظ کو ڈھانپ دیا۔

اسکرول ڈاٹ اِن کی رپورٹ کے مطابق مشتعل افراد اندرانگر کے علاقے میں موجود مشہور 'کراچی بیکری' کی دکان پر جمع ہوئے اور بیکری کا سائن بورڈ اتارنے کا مطالبہ کیا۔

بنگالورو پولیس کنٹرول روم نے تصدیق کی کہ اسے اندرانگر میں کراچی بیکری پر جھگڑے سے متعلق کال موصول ہوئی تھی۔

مشتعل افراد کے احتجاج کے بعد ایسی تصاویر سامنے آئیں جن میں سائن بورڈ پر 'کراچی' کے لفظ کو ڈھکا ہوا اور بیکری پر بھارتی پرچم دیکھا گیا۔

حیدر آباد سے تعلق رکھنے والی اس کمپنی کی بنگالورو میں موجود دیگر دکانوں کو بھی 17 فروری سے دھمکی آمیز کالیں وصول ہو رہی ہیں، جن میں ان سے بیکری کا نام تبدیل کرنے یا کاروبار بند کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ 14 فروری کو کشمیر کے ضلع پلوامہ میں حملے کے بعد پیش آیا، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔

بدھ کے روز بھارت کی جے پور سینٹرل جیل میں پاکستانی قیدی کو دیگر قیدیوں کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی جیل میں پاکستانی قیدی بدترین تشدد کے بعد قتل

نام میں کیا رکھا ہے

دی نیوز مِنٹ سے بات کرتے ہوئے کراچی بیکری کی دکان کے مینیجر نے کہا کہ 'مشتعل ہجوم تقریباً نصف گھنٹے تک دکان کے باہر موجود رہا اور اس نے نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔'

انہوں نے کہا کہ 'مشتعل افراد کا خیال تھا کہ ہمارا تعلق پاکستان سے ہے لیکن ہم یہ نام 53 سالوں سے استعمال کر رہے ہیں، بیکری کے مالک ہندو ہیں صرف نام کراچی بیکری ہے، ہم نے گروپ کو اطمینان دلانے کے لیے بھارتی پرچم بھی لگایا۔'

ویب سائٹ کے مطابق 'کراچی بیکری' 1947 میں تقسیم ہند کے وقت بھارت ہجرت کر جانے والے خان چند رامنانی نے قائم کی تھی۔

بیکری کی پہلی دکان حیدر آباد میں کھولی گئی اور وقت گزرنے کے ساتھ ملک بھر میں اس کی فرنچائزز قائم ہوگئیں۔

یہ بیکری اپنے فروٹ بسکٹ کی وجہ سے مشہور ہے۔

بھارت میں بیکری کے خلاف احتجاج کے بعد لوگوں نے 'ٹویٹر' پر پاکستان کے شہر حیدر آباد میں واقع 'بمبئی بیکری' کی تصاویر شیئر کیں اور اس بات کو واضح کیا کہ تعلقات میں کشیدگی کے باوجود بیکری کے نام میں کس طرح 'بمبئی' کا لفظ موجود ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمٰن نے سوشل میڈیا پر کہا کہ 'حیدر آباد میں بمبئی بیکری پھل پھول رہی ہے، کوئی اس کے نام کی تبدیلی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا، ہمارے ماضی یا جداگانہ حیثیت کو مٹانے کی کوشش کے اچھے نتائج نہیں نکلیں گے۔'

تبصرے (0) بند ہیں