امریکا میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر تعینات

24 فروری 2019
شہزادی ریما کو شہزادہ خالد کی جگہ پر تعینات کیا گیا — فوٹو: اے ایف پی
شہزادی ریما کو شہزادہ خالد کی جگہ پر تعینات کیا گیا — فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان کے بیٹے کو واپس وطن بلاتے ہوئے امریکا میں اعلیٰ سفارت کار کے طور پر پہلی خاتون سفیر کو تعینات کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں طویل عرصے تک سعودی سفیر رہنے والے بندر بن سلطان السعود کی بیٹی شہزادی ریما بنت بندر السعود کو امریکا کا سفیر مقرر کیا گیا۔

انہوں نے شاہ سلمان کے صاحبزادے اور سابق پائلٹ شہزادہ خالد بن سلمان السعود کی جگہ پر تعینات کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں خواتین ملازمین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

شہزادہ خالد بن سلمان السعود سعودی عرب واپس آکر ملک کے نائب وزیر دفاع کا منصب سنبھالیں گے۔

شہزادی ریما کے والد 20 سال تک امریکا میں سعودی سفیر کے طور پر تعینات رہے جبکہ انہوں نے ملک کے خفیہ اداروں کی سربراہی کے بھی فرائض انجام دیئے تھے۔

اپنے والد کے ساتھ شہزادی ریما بھی امریکا ہی میں کئی عرصے تک مقیم رہی تھیں اور انہوں نے امریکا کی ایک یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی۔

امریکا میں سفیر کی حیثیت سے تعیناتی کے اعلان کے بعد انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ’انشاء اللہ میں اپنے ملک، اس کے حکمرانوں اور تمام بچوں کے لیے کام کروں گی اور اس حوالے سے تمام کوششیں بروئے کار لاؤں گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی خواتین نے پہلی بار انٹرنیشنل فٹ بال میچ اسٹیڈیم میں دیکھا

ان کا تقرر سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی گزشتہ سال خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دیے جانے کے بعد سامنے آئی۔

واضح رہے کہ شہزادہ خالد کو جو عہدہ دیا گیا ہے اس عہدے پر سعودی ولی عہد بھی فائز رہ چکے ہیں۔

شہزادہ خالد نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ’ان کی تقرر سے انہیں دوبارہ وزارت دفاع کی تلوار بننے میں مدد ملے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں انشاء اللہ، ملک کی قیادت کے نظریے کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے مذہب اور وطن سے وفاداری کرنے والے افراد کی خدمت کروں گا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں