اے بی ڈی ویلیئرز مکمل فٹ، اگلے میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے

اپ ڈیٹ 24 فروری 2019
اے بی ڈی ولیئرز کی شاندار کارکردگی کے باعث لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دی تھی — فوٹو:بشکریہ پی ایس ایل
اے بی ڈی ولیئرز کی شاندار کارکردگی کے باعث لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دی تھی — فوٹو:بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والے مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں دم توڑ گئیں اور اب لاہور قلندرز کے کھلاڑی کے مکمل تندرست ہونے کی خبریں گردش کرہی ہیں۔

لاہور قلندرز کے مطابق اے بی ڈی ویلیئرز مکمل طور پر ٹھیک ہیں اور کوئٹہ کے خلاف میچ کی دوسری اننگز میں انہیں کمر میں معمولی کچھاؤ کی وجہ سے آرام دیا گیا تھا لیکن وہ اگلے میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں ابھرتے ہوئے باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو بھی آرام دیا گیا تھا تاکہ وہ مستقبل کے میچز کے لیے مکمل فٹ رہے اور وہ بھی آگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

مزید پڑھیں: تھا جس کا انتظار وہ شاہکار دن آ ہی گیا

تاہم لاہور قلندرز میں شامل غیر ملکی کھلاڑی برینڈن ٹیلر پنڈلی کے پھٹے میں انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں اور وہ مزید لیگ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں پہلے ہی 6 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں تو اسی لیے فوری طور پر ان کے متبادل کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں آخری نمبر پر رہنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے ملتان سلطان کے خلاف پی ایس ایل 2019 کے سب سے بڑے ہدف کو عبور کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شارجہ: ڈی ویلیئرز کا جادو چل گیا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد سلطانز کو شکست

اعصاب شکن اس مقابلے میں لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اور کھلاڑی ڈیوڈ ویزے کی شاندار شراکت نے میچ کا پانسا ہی پلٹ دیا اور قلندرز نے 6 وکٹوں سے اس میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بھی قلندرز نے 143 رنز کے ہدف کا بہترین دفاع کیا، تاہم میچ کی آخری گیند پر کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے چھکا مار کر قلندرز سے فتح چھین لی تھی۔

تاہم اپنی اچھی کارکردگی اور 2 میچز میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر سے چوتھے نمبر پر آگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں