بے خوابی دور کرکے ایک منٹ میں نیند لانے والا آسان طریقہ

26 فروری 2019
اکثر افراد کو رات کو نیند نہ آنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
اکثر افراد کو رات کو نیند نہ آنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

اکثر افراد کو رات کو سونے کے لیے لیٹنے کے بعد نیند نہ آنے کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے اور وہ کروٹیں بدلتے رہتے ہیں، مگر اس کا حل سامنے آگیا ہے۔

بے خوابی یا نیند نہ آنا بیشتر افراد کا مسئلہ ہوتا ہے اور نیند کی کمی متعدد امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے جبکہ چہرے پر بھی اس کے اثرات سیاہ حلقوں کی شکل میں ظاہر ہوتے ہیں۔

مگر اب ہارورڈ یونیورسٹی کے ایک ماہر نے اس کا حل پیش کیا ہے اور اس کی مدد سے آپ ایک منٹ میں سونے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

ہارورڈ کے ڈاکٹر اینڈریو ویل کے مطابق یہ ایک قدرتی ٹوٹکا ہے جو صدیوں سے مختلف افراد استعمال کررہے ہیں۔

اس طریقے کو 4-7-8 کا نام دیا گیا ہے اور ہاں یہ سننے یا بولنے جتنا ہی آسان ہے۔

سب سے پہلے بستر پر سکون سے لیٹ جائیں اور پھر اپنی ناک سے 4 سیکنڈ کے لیے سانس لیں، اس کے بعد 7 سیکنڈ کے لیے سانس روک لیں اور پھر منہ سے 8 سیکنڈ میں آہستگی سے سانس خارج کریں۔

یہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک نیند نہیں آجاتی اور اکثر اوقات لوگ اسے آزما کر ایک منٹ کے اندر ہی سونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

ڈاکٹر اینڈریو کے مطابق 'یہ وہ واحد بہترین طریقہ کار ہے جو میں نے نیند نہ آنے کے مسئلے کے حل کے طور پر آزمایا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ اس طریقہ کار کو مکمل سکون کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں تاکہ تناﺅ اور ذہنی بے چینی سے نجات پاسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی سانس کو جان بوجھ کر سست کرنا دل کے ردہم کو بھی سست کردیتا ہے جس سے جسم اور ذہن کو سکون محسوس ہوتا ہے۔

ڈاکٹر اینڈریو نے بتایا کہ اس طریقہ کار سے اعصابی نظام کو سکون محسوس ہوتا ہے اور اس عمل کو ہفتوں یا مہینوں تک کرنے سے وہ تبدیلیاں آجاتی ہیں جس کے آپ خواہشمند ہوتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں