پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں امریکا نے اہم کردار ادا کیا، وزیر خارجہ

06 مارچ 2019
وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سفارتی عمل کو بڑھایا ہے — فائل فوٹو/رائٹرز
وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سفارتی عمل کو بڑھایا ہے — فائل فوٹو/رائٹرز

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی آرہی ہے جو مثبت پیش رفت ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سفارتی عمل کو بڑھا دیا ہے اور مشاورت کے بعد اپنے ہائی کمشنر کو واپس نئی دہلی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت او آئی سی کا مبصر بننے کا خواہاں ہے، شاہ محمود قریشی

انہوں نے امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کو کشیدگی میں کمی لانے کے لیے موثر کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین، روس، ترکی، متحدہ عرب امارات اور اردن نے بھی دونوں ممالک میں کشیدگی میں کمی لانے کے لیے کردار ادا کیا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کرتارپور راہداری سے متعلق امور طے کرنے کے لیے نئی دہلی کا دورہ کرے گا۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں قومی مفاد، وقار اور عوام کی خواہشات کے مطابق خارجہ پالیسی تشکیل دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مقبولیت بڑھانے کا آسان طریقہ پاکستان دشمنی ہے، شاہ محمود قریشی

انہوں نے یہ باتیں اسلام آباد میں ’پاک چین اقتصادی تعاون: اگلا مرحلہ‘ کے عنوان سے پاک چین اسٹڈی سینٹر کی جانب سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات اور تبادلہ خیال انتہائی ناگزیر ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین آپس میں بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان یہ دوستی مشترکہ اقدار پر قائم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا حالیہ دورہ پاکستان اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر ملک پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں