ایتھوپین ایئرلائن حادثہ، مزید 5 ممالک میں بوئنگ '737 میکس' پر پابندی

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2019
ایتھوپین ایئر لائنز طیارے کے حادثے  میں 157 مسافر ہلاک ہوئے تھے — فوٹو: اے ایف پی
ایتھوپین ایئر لائنز طیارے کے حادثے میں 157 مسافر ہلاک ہوئے تھے — فوٹو: اے ایف پی

برطانیہ کے علاوہ دیگر 4 ممالک سنگاپور، آسٹریلیا، ملائیشیا اور اومان نے 5 ماہ کے عرصے میں دو طیاروں کے حادثے کے بعد اپنی فضائی حدود میں بوئنگ '737 میکس' کی پرواز پر پابندی عائد کردی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق تفتیش کار ایتھوپین ایئرلائنز کے جہاز سے بلیک باکس ریکور کرچکے ہیں، جو ادیس بابا کے قریب تباہ ہوا اور اس میں 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔

حادثے کا شکار ہونے والے جہاز میں اقوام متحدہ کے عملے کے افراد بھی سوار تھے۔

مزید پڑھیں: کینیا: ایتھوپین ایئرلائنز کا طیارہ گر کر تباہ،157 مسافر ہلاک

امریکی حکام نے بوئنگ ماڈل میں فوری طور پر تبدیلی کے احکامات جاری کیے ہیں اور اصرار کیا ہے کہ اگر طیارے میں حفاظت سے متعلق مسائل موجود ہوئے تو وہ ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔

تاہم یہ برطانیہ، سنگاپور، آسٹریلیا، ملائیشیا اور اومان کے ایوی ایشن حکام کو یقین دلانے کے لیے ناکافی تھا، جنہوں نے تمام 737 میکس طیاروں کی پرواز پر عارضی پابندی عائد کردی۔

چین، بوئنگ طیاروں کے لیے اہم مارکیٹ ہے لیکن اس نے بھی انڈونیشیا کی طرح مقامی ایئرلائنز کو جہاز کا آپریشن روکنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ’بوئنگ 737 میکس ایئر کرافٹ ‘ کے نام سے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’احتیاطی اقدام کے تحت انہوں نے تمام آپریٹر کو آنے والے، روانہ ہونے والے یا برطانیہ کی فضائی حدود سے گزرنے والی کمرشل مسافر پروازیں روکنے کی ہدایت دی ہے۔'

سنگاپور میں ایوی ایشن حکام نے کہا کہ ’وہ ملک کے مرکزی ایئرپورٹ اور متاثرہ ایئرلائنز کے ساتھ کام کریں گے تاکہ مسافروں پر پڑنے والے اثرات کو کم کیا جاسکے‘۔

سنگاپور کی ایک ایئرلائن 'سلک ایئر' 737 میکس جہاز استعمال کرتی ہے جبکہ دیگر غیر ملکی ایئرلائنز شہر میں چلتی ہیں۔

737 میکس پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے ملائیشیا کے ایوی ایشن حکام نے اپنے بیان میں حالیہ دو حادثات اور جہاز کے ماڈل کا ذکر کیا۔

اومان کی پبلک اتھارٹی فار سول ایوی ایشن نے کہا کہ وہ اپنی فضائی حدود میں تاحکم ثانی مختلف پروازوں کو معطل کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایتھوپین جہاز میں 4 بھارتی سمیت اقوام متحدہ کے متعدد عہدیدار ہلاک ہوئے

نورویگین ایئر شٹل نے کہا کہ وہ دوسرے نوٹس تک بو ئنگ 737 میکس ایئرکرافٹ کی پرواز معطل کردیں گے۔

اسی دوران جنوبی کوریا نے ملک کی واحد ایئرلائن کو دو 'میکس 8' طیاروں کی پرواز معطل کرنے کا حکم دیا جبکہ ارجنٹائن نے پانچ میکس 8 طیارے گراؤنڈ کر دیئے۔

جنوبی افریقہ، برازیل اور میکسیکو کی ایئرلائنز نے بھی میکس 8 طیاروں کی پرواز معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم دیگر ایئرلائنز نے میکس 8 کی پرواز معطل کرنے سے انکار کیا جبکہ امریکا بھی مینوفیکچرر پر اعتماد کرتا ہوا دکھائی دیا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل ایتھوپین ایئر لائنز کا مسافر طیارہ ادیس بابا سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی جاتے ہوئے حادثے کے باعث گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 157 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

ایئرلائنز کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا تھا کہ طیارے میں 149 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے۔

اس حوالے سے ایتھوپین ایئرلائنز نے کہا کہ ریڈار سے جہاز غائب ہونے سے قبل طیارے میں خرابی پیدا ہونے پر پائلٹ کو واپس آنے کا کہا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کینیا: ڈیم ٹوٹنے سے سیلاب کے باعث 44 افراد ہلاک

ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو تیوولدے گیبرمیریم نے کہا کہ جہاز اتوار کی صبح جوہانسبرگ سے اڑا تھا اور ادیس بابا میں 3 گھنٹے کے گزارنے کے بعد کسی خرابی کے بغیر وہاں سے اڑان بھری تھی۔

حادثے میں اقوام متحدہ کی مختلف ایجنسیوں سے وابستہ 22 افراد بھی ہلاک ہوئے جو نیروبی میں ماحولیات پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔

ایتھوپین ایئرلائنز کے مطابق حادثے میں کینیا کے سب سے زیادہ شہری ہلاک ہوئے جن کی تعداد 32 ہے، کینیڈا کے 18 شہری ہلاک ہوئے۔

جہاز میں ایتھوپیا، اٹلی، امریکا،برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے شہری بھی شامل تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں انڈونیشیا میں ایک مسافر طیارہ بوئنگ 800-737 ایم اے ایکس ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیگر بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں 189 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل 2010 میں لبنان کے ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والا ایتھوپین ایئر لائنز کا مسافر طیارہ بوئنگ 800-737 ایم اے ایکس گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں 83 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں