سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے پاس مجھے طلب کرنے کا اختیار نہیں، وفاقی وزیر

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2019
فیصل واوڈا کے مطابق میں پارلیمانی کمیٹیوں کا بہت احترام کرتا ہوں — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فیصل واوڈا کے مطابق میں پارلیمانی کمیٹیوں کا بہت احترام کرتا ہوں — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے پاس انہیں طلب کرنے کا اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی مجھے بلوانے کا اختیار رکھتی ہے اور میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ اس میں شرکت کروں۔

ڈان کو دستیاب قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق، اجلاس میں خصوصی کمیٹی سے وفاقی وزیر کی مسلسل غیر حاضری کے معاملے پر غور کیا گیا جو سینیٹ چیئرمین نے تجویز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ اجلاس میں وزرا کی غیرحاضری، وزیراعظم سے جواب طلب

اس حوالے سے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی ذخائر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مجھے کمیٹی کی جانب سے پیش ہونے کا خط موصول نہیں ہوا البتہ میری معلومات کے مطابق خصوصی کمیٹی کے پاس مجھے طلب کرنے کا اختیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں پارلیمانی کمیٹیوں کا بہت احترام کرتا ہوں اور ہر اجلاس میں شرکت کی کوشش کرتا ہوں تاہم بعض اوقات دیگر مصروفیات، مثلاً قومی اسمبلی کے اجلاس یا کسی اور وجہ سے شرکت کرنا ناممکن ہوجاتا ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’باوجود اس کے کہ میں کمیٹی کو مطلع کردیتا ہوں لیکن کبھی کبھار روابط کے تعطل کی وجہ سے پیغام پہنچ نہیں پاتا‘۔

مزید پڑھیں: سینیٹ: وزرا کی عدم حاضری پر احتجاج، پابندی کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ چیئرمین کے انتخاب کے بعد خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس تھا، اس لیے اس میں 4 ماہ پرانا معاملہ اٹھایا گیا۔

فیصل واوڈا نے بتایا کہ ’4 ماہ قبل، میں قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے ایک اجلاس میں شرکت نہیں کرسکا تھا لیکن اس کے بعد سے ہر اجلاس میں باقاعدگی سے حاضر ہوتا ہوں'۔


یہ خبر 13 مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں