وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد چین نے لازوال دوستی کا ثبوت دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ چین سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دورہ چین کے دوران چینی حکام سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ساتھ افغانستان سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ زراعت کے شعبے سے جڑی منصوعات چین کو برآمد کریں گے۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی کا 3 ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ

وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ چین کے ساتھ ایک ارب ڈالر کی اضافی برآمدات کا امکان بھی پیدا ہوگیا ہے۔

وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر بغیر تحقیق الزام عائد کیا گیا۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کی، تاہم دنیا نے بھارت کے یک طرفہ موقف کو ماننے سے انکار کردیا۔

وزیرخارجہ نے ایک مرتبہ پھر عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پلوامہ حملے میں تحقیقات کے لیے تیار ہے، بھارت کی جانب سے ملنے والے ڈوزیئر کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ساتھ کشیدگی، دفتر خارجہ میں کرائسز منیجمنٹ سیل قائم

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ چین نے ایک مرتبہ پھر پاک-چین لازوال دوستی کا ثبوت دیا۔

وزیرخارجہ نے سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گرد حملہ کیس پر بھارتی کورٹ کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی عدالت نے ایسے مجرم کو بھی رہا کر دیا جو اپنے جرم کا اقرار کر چکا ہے۔

ان کا یہ بھی کہا تھا کہ بھارتی عدالت کے سمجھوتہ ایکسپریس کیس کے فیصلے نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا۔

انہوں نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والے حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے انسانیت سوز حملہ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورے پر چین پہنچ گئے

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے بعد بھارت کا مسلمان مخالف چہرہ کھل کر سامنے آگیا۔

انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے جو مذمت سامنے آئی اس میں مسلمانوں اور مسجد کا ذکر نہیں کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے تمام افراد مسلمان تھے جن کا انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں نام تک نہیں لیا۔

وزیرِخارجہ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر پاکستان نے ترکی کے ساتھ مل کر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں شرکت کے لیے وہ آج ترکی روانہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک امریکا تعلقات نیا رخ اختیار کرنے والے ہیں، شاہ محمود قریشی

وزیرِاعظم ملائیشیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مہاتیر محمد آج پاکستان آئیں گے جو 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت بھی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دورے کے دوران ملائیشیا کے کچھ سرمایہ کار بھی پاکستان آرہے ہیں جن کے ساتھ ممکنہ طور پر نئے معاہدے ہوسکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کی امریکی قرارداد کے مسترد ہونے پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس حوالے سے چین نے اپنا نکتہ اعتراض پیش کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں